لاہور (کرائم رپورٹر) پولیس ملازمین کے علیل بچوں کی بحالی کا مشن، پنجاب پولیس طبی معاونت میں پیش پیش ہے ،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین بیماریوں کا شکار بچوں کو طبی اخراجات کیلئے 10 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کردی ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہمارے پھول پراجیکٹ کے تحت متعدد دیگر بچوں کو بھی طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے فنڈز فراہم کئے گئے۔ پنجاب پولیس ایک فیملی ہے، ملازمین کے بچوں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔ سنگین بیماریوں کا شکار بچوں کے علاج معالجے کیلئے محکمانہ تعاون کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کو در پیش ذاتی و پیشہ ورانہ مسائل کے ازالہ اولین ترجیحات میں شامل ہے ، تمام سپروائزری افسران اس حوالے سے ذاتی نگرانی میں بروقت اقدامات یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کی، پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سنیں اور فوری ازالے بارے احکامات جاری کئے۔ڈاکٹر عثمان انور نے سب انسپکٹر شاہد محمود کی پروموشن درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو میرٹ پر ریلیف کی ہدایت کی ، انویسٹی گیشن برانچ کے سب انسپکٹر فہیم اختر کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو فوری ازالے کا حکم دیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس آئی جاوید کے بیٹے کے کینسر علاج میں معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے انسپکٹر مظفر حسین کی بیوہ کی فیملی کلیم پر بیٹے کی بھرتی کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سب انسپکٹر آصف رضا کی پروموشن درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام درخواستوں پر فوری ایکشن کے ذریعے ملازمین اور انکے اہل خانہ کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ملازمین کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے اورفوری اقدامات سے مسائل کا ازالہ یقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں پنجاب پولیس میں ملازمین کی ترقیوں کا عمل تیزی سے جاری ہے جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ملتان ریجن کے 54 اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی مل گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ 18 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی، 18 ہیڈ کانسٹیبل کو اے ایس آئیز کے عہدے پر پروموٹ کیا گیا، 18 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبلز کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کو رینک لگانے کی تقریب عنقریب منعقد کی جائے گی۔
پنجاب پولیس ایک فیملی، ملازمین کے بچوں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر ترجیح ہے :ڈاکٹر عثمان انور


















