واشنگٹن :(خواجہ فاروق)پاکستان کیلئے اچھی خبر،آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے 7 ارب ڈالر کے بیل آوٹ پیکیج کی منظوری دےدی۔
واشنگٹن میں ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹلینا جورجیویا کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ نے جائزہ مشن ، پاکستان کے درمیان طے پانے والے سٹاف سطح معاہدے اور 7 ارب ڈالرز قرض پروگرام کی منظوری دی،بورڈ نے منظوری کے بعد1.1 ارب ڈالر کی پہلی قسط جاری کرنے کی بھی منظوری دےدی،نیا قرض پروگرام 37 ماہ پر محیط ہوگا،دوسری قسط بھی رواں مالی سال آئے گی، قرض 5 فیصد شرح سود سے کم پر ملے گا۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف پیکیج کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا معاشی اصلاحات کا نفاذ تیزی سے جاری ہے،استحکام کے بعد معاشی ترقی کاہدف حاصل کرنے کیلئے محنت جاری رکھیں گے، پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں ،سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند اور معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
شہبازشریف نے کہاسفارتی محاذ پر کامیابیوں کےساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلات زر میں اضافہ حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے ،پاکستانی برادری کے شکر گزار ہیں،یونہی محنت جاری رہی تو آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔
وزیراعظم نے آئی ایم ایف پیکیج میں معاونت فراہم کرنے والے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، چین ،متحدہ عرب امارات ،مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
شہبازشریف نے اپنے پیغام میںحکومتی معاشی ٹیم، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ اورنگزیب ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک،چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی، چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ، سیکرٹری خزانہ،تمام صوبائی حکومتوں بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
پاکستان کیلئے 7ارب ڈالر کا بیل آﺅٹ پیکیج منظور،آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے منظوری دےدی

















