مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 16واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب بھر میں 7354کالج ٹیچنگ انٹرنز کی بھرتی کی منظوری دی گئی، مریم نوازنے پنجاب بھر میں ہاﺅسنگ کی جامع یکساں پالیسی طلب کر لی، کابینہ نے رحیم یار خان اور کچہ کے علاقے میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا، کابینہ نے کچے کے علاقے میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کےلئے خصوصی الانس کی منظوری دےدی،وزیر اعلیٰ نے پنجاب بھر میں ورکنگ ویمن کے ہاسٹلز چارجز بڑھانے سے روک دیا۔

اجلاس میں حالیہ سیلاب سے جانی نقصان نہ ہونے پر منسٹر ایری گیشن کاظم پیرزادہ اورمحکمہ انہار کو شاباش دی گئی اور محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام انڈومنٹ فنڈفار رائٹر ویلفیئر کےلئے 50کروڑ کے اجراءکی منظوری دی گئی، مریم نوازنے بصارت سے محروم خصوصی افراد کے لئے ماہانہ پیکیج پلان طلب کر لیا،کابینہ نے پنجاب ایمپاور منٹ آف پرسن ود ڈس ایبلٹیز ایکٹ کے تحت معذور افراد کےلئے خصوصی عدالت کی منظوری دی، تحصیلدار او رنائب تحصیلدار کو سب رجسٹرار کے اختیارات تفویض کرنے کی مشروط منظوری دی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے بورڈ آف ریونیو کو 5 سالہ جامع ہاﺅسنگ پالیسی کابینہ کو پیش کرنے کا حکم دیا، کابینہ نے وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے چارجز بڑھانے کےلئے ورکنگ وویمن ہاسٹلزپالیسی مسترد کر دی، اجلاس میں حکومت پنجاب اور یونائیٹڈ نیشنل آفس فار پراجیکٹ سروسز (UNOPS)کے مابین ایم او یو سائن کرنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے سیدہ سارا دختر سید میاں ابوبکر کا خیل کے علاج معالجے کےلئے مالی امداد کی درخواست کی منظوری دی، مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 کے تحت اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو چیئرمین مصالحتی کونسل کے طورپر کام کرنے کے نوٹیفکیشن میں ترمیم کی منظوری دی گئی،اجلاس میں بتایا گیا سرکاری کالجز میں کالج ٹیچنگ انٹرنز کی شفاف بھرتی کےلئے سنٹرل پورٹل قائم کیا جائے گا، پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ایکٹ 2015 میں ترمیم کی منظوری دی گئی، اضلاع میں سی ای او ہیلتھ اور ایجوکیشن کو چھٹی اور پنشن کے اختیارات سونپنے کی بھی منظوری دی گئی، کابینہ نے گورنمنٹ اینا لسٹ اینڈ پروانشل ڈرگ انسپکٹر کی تعیناتی،الیکشن کمیشن سالانہ رپورٹ 2023اورقائمقام محتسب پنجاب کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

مزید برآںوزیر اعلیٰ مریم نواز نے انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کےلئے قانونی کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیدیا، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، مریم نوازنے کہاپنجاب کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کا عزم غیرمتزلزل ہے،مصنوعی مہنگائی اورذخیرہ اندوزی کے خاتمے کےلئے مجاز اتھارٹی کا قیام ناگزیر ہے،ہر سیکٹر میں سٹرکچرل ریفارمز متعارف کرا رہے ہیں،گلیو ں او ربازاروں میں تجاوزات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔