لاہور ( اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کی،وزیر اعلیٰ نے چینی قونصل جنرل ژا شیریں سے ملاقات کی اورچین کے قومی دن پر مبارکباد دی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا پاک چین دوستی کا بانڈ محض سٹرٹیجک مفادات پر مبنی نہیں، یہ دل اور روح کارشتہ ہے، پاک چین تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور ایک دوسرے کی خوشحالی کےلئے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں، چین کے 75ویں قومی دن پر پاکستانی عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کرتی ہوں،پنجاب کے لوگ چینی بھائیوں اور بہنوں کو نیک خواہشات اور دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں، عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت باعث فخرہے، چینی قوم نے نہ صرف ترقی اور اختراع کی بلندیوں کو چھو لیا بلکہ عالمی برادری کی طرف دوستی کا ہاتھ بھی بڑھایا ہے،پاور کوریڈور سے لے کر عام شہریوں کے دلوں تک چین نے گھر کرلیا ہے، چین کی عظمت امن، تعاون اور انسانیت کی بھلائی کے غیر متزلزل عزم میں مضمر ہے،ہم عظیم چینی قوم کا احترام کرتے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی اعتماد، احترام اور روشن مستقبل کے مشترکہ ویژن سے منسلک ہے،چین سے ہمارا رشتہ برادرانہ محبت، باہمی احترام اور غیر متزلزل اعتماد کا ہے،پاک چین تعلقات وقت کی کسوٹی پر جانچے اور پرکھے ہے، برادر ملک چین کی شاندار کامیابیوں کو فخر کے ساتھ مناتے ہیں، چین کی کامیابیاں ہمارے لیے بھی حوصلہ افزائی اور قابل تقلید ہیں،ضرورت کی ہر گھڑی میں چین پاکستان کےساتھ کھڑا ہے،دونوں ممالک خوشحالی اور پر امن مستقبل کی طرف ہاتھ تھام کر آگے بڑھ رہے ہیں، دعا ہے پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی رہے، چین نے قابل ذکر معاشی تبدیلی لاکر کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا،وزیر اعلیٰ مریم نوازنے سعودی عرب کے 94ویں قومی دن پراپنے خصوصی پیغام میں سعودی عرب کے عوام ، خادم حرمین شریفین،شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعوداور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزکو قومی دن پر مبارکباد پیش کی ہے، وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہاسعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے، پاکستان او ر سعودی عرب عقائد، ثقافت او روایات کی بنیاد پر ایک دوسرے سے جڑے ہیں،پاک سعودی باہمی تعلقات کی مضبوط بنیاد حرمین شریفین کا احترام اور عقیدت ہے،سعودی عرب پاکستان کےلئے روحانی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے،مریم نوازنے سعودی عرب کے 94ویں قومی دن پر ”ہم خواب دیکھتے ہیں او رہم حاصل کرتے ہیں“ ویژن کو بھی سراہا،وزیر اعلیٰ نے کہا سعودی عرب پاکستان کےلئے برادر بزرگ کی حیثیت رکھتا ہے، ہر مشکل گھڑی میں تعاون بے مثال ہے، حرم پاک مسلمانوں کی عقیدت او رمحبت کامحور ہے۔
پاک، چین دوستی کا بانڈ محض سٹرٹیجک مفادات پر مبنی نہیں: مریم نواز، سعودی عرب کوقومی دن پر مبارکباد



















