کہوٹہ:(مشرق نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہاہے4،5ججز میں سے کسی ایک کا انتخاب کر کے کسی کو چیف جسٹس بناناوزیراعظم کا کام نہیں ،شہباز شریف غریبوں کی مدد کرنے کی بجائے ججز کی توسیع میں مصروف ہیں۔
کہوٹہ یونیورسٹی میں عالمی لا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے کہا جب اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو میرٹ میرٹ چیختے ہیں ،عہدہ ملنے پر میرٹ سمجھتے ہیں ،نظام انصاف بہت کمزور و فرسودہ ہے ،غریب آدمی کیلئے صرف مشکلات ہیں، انصاف کا نظام اور تھانہ کلچر معاشرے کی عکاسی کرتا ہے، دیوانی مقدمات کے فیصلے نسلوں تک چلتے ہیں جبکہ سیاسی سپورٹ کے بغیر پولیس میں ایف آئی آر نہیں ہوتی ،جھوٹی ایف آئی آر درج ہو جائے تو عام آدمی انصاف کیلئے دھکے کھاتا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہاپولیس کی تنخواہیں بہتر کرنے اور ڈیوٹی اوقات پر نظر ثانی کی ضرورت ہے،عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد لاکھوں میں ہے ،عوام انصاف کیلئے دھکے کھا رہے ہیں، دیوانی مقدمات میں بھی عام آدمی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، سیاستدان معاشرے کے تمام مسائل سے آگاہ ہوتا ہے مگر افسوس عہدہ ملنے کے بعد ترجیحات بدل جاتی ہیں۔
سردار سلیم حیدر نے کہامصالحتی عدالتوں کے قیام کی ضرورت ہے تاکہ مقامی پر سطح پر مسائل حل ہوں، لوئر کورٹ میں بھی اصلاحات کرنا ہوں گی، سیاستدانوں کو معلوم ہے جسے ساتویں نمبر سے اٹھا کر لائے اسی نے جوتے مارے، اب وقت ہے ہوش کے ناخن لیں کیونکہ ججز کی سنیارٹی کے بغیر من مرضی کی تعیناتی پر ہمیشہ نقصان اٹھانا پڑا ،گورنر پنجاب نے کہا چیف جسٹس میرٹ پر بننا چاہیے ،کسی کو توسیع نہ دی جائے،پہلے نمبر والا قابل نہیں تو قوم کی بد قسمتی ہے، حالات تب بہتر ہوں گے جب ججز، جرنیل، بیوروکریٹ ملک کا درد محسوس کریں گے،خود کو درست کریں اور دوسروں کی خرابیاں نہ دیکھیں۔
وزیراعظم چیف جسٹس تعینات کرنے کی بجائے غریبوں کی مدد کریں،گورنر پنجاب

















