مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے سنگین نتائج ہوں گے، سپریم کورٹ

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے سنگین نتائج ہوں گے، سپریم کورٹ کے 8 رکنی بنچ نے ای سی پی، پی ٹی آئی کی درخواستوں پر وضاحت جاری کردی۔

جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت پر مشتمل اکثریتی بنچ نے فیصلے میں کہا12 جولائی کے فیصلے میں کوئی ابہام نہیں، شارٹ آرڈر بہت واضح ہے ،الیکشن کمیشن نے حکم کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنایا، فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے سنگین نتائج ہوں گے۔ بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی اور عمر ایوب کو سیکرٹری جنرل تسلیم کیا جاچکا۔

وضاحتی بیان کے مطابق حاصل کردہ نشست فوری سیاسی جماعت کی تصور ہوگی، کوئی بعد کا عمل معاہدے تبدیل نہیں کرسکتا، انتخابی نشان نہ ہونے کے باعث سیاسی جماعت کا آئینی و قانونی اختیار ختم نہیں کیا جاسکتا، پی ٹی آئی سیاسی جماعت تھی اور ہے، عام انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں جیتیں۔

سپریم کورٹ نے کہا الیکشن کمیشن کا درخواست دائر کرنا تاخیری حربہ اور عدالتی فیصلے پر عملدرآمد میں خلل ڈالنے کے مترادف ہے، تمام نکات کی وضاحت تفصیلی فیصلے میں دی جائیگی۔ واضح معاملہ پیچیدہ بنانے، ابہام پیداکرنے کی کوشش مستردکی جاتی ہے، کمیشن کے ذریعے جاری فہرست محض انتظامی عمل ہے، مقصد تمام متعلقہ افراد کو معلومات و سہولت فراہم کرنا ہے، قانونی طور پر پابند ذمہ داری پوری کرنے میں ناکامی، انکارکے نتائج ہو سکتے ہیں لہٰذا الیکشن کمیشن ذمہ داری فوری پوری کرے۔

وضاحتی بیان میں کہا گیا الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی اراکین کے سرٹیفکیٹ تسلیم نہ کرنا غلط ہے، اقدام کے آئینی، قانونی نتائج کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے تمام اراکین پی ٹی آئی کے تصور ہوںگے اور فیصلے کا اطلاق قومی اور صوبائی اسمبلیوں پر بھی ہوگا۔