اداکاروں سے زیادہ فٹ بالرز کو جانتی ہوں، کرینہ کپور کا انکشاف

ممبئی (مشرق نیوز) نامور بھارتی اداکارہ و سٹار اداکار سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور نے کہا ہے کہ وہ اب فلمی ستاروں کے بجائے فٹ بالرز کے بارے میں زیادہ جانتی ہیں۔ کرینہ نے اپنی بدلتی عادت کا تمام تر سہرا اپنے بچوں تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان کو دیدیا۔ کرینہ کپور اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں اکثر بات کرتی رہتی ہیں اور حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی اور گھریلو زندگی کے بارے میں توازن پر بات کی۔ کرینہ کا کہنا تھا کہ میرے لڑکوں کیلئے اب کرکٹ اور فٹ بال نے مرکزی جگہ لے لی ہے۔ میں اب اداکاروں سے زیادہ فٹ بالرز کے بارے میں جانتی ہوں جیسا کہ ایرلنگ ہالینڈ اور ہیری کین وغیرہ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لڑکوں کی ماں ہونے کے باعث میری دلچسپیوں میں بھی تبدیلیاں آئی ہیں۔ میں ان کے جذبات میں گھل مل گئی ہوں۔ ان بچوں کی دنیا کا حصہ بننا ایک خوبصورت احساس ہے۔ واضح رہے کہ کرینہ کپور نے اکتوبر 2012 میں سیف علی خان سے شادی کی تھی اور اس جوڑے کے ہاں 20 دسمبر 2016 کو پہلے بیٹے تیمور جبکہ 21 فروری 2021 کو دوسرے بیٹے جہانگیر کی پیدائش ہوئی تھی۔