اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماوں کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے یہ حکم نامہ پی ٹی آئی جلسے پر درج مقدمات میں گرفتار ارکان اسمبلی کی درخواستوں پر جاری کیا گیا۔
پراسیکیوٹر جنرل نے فیصلے کی مخالفت کی اور کہا کہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کرنے سے برا تاثر جائیگا۔چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا کہ کیا برا تاثر جائیگا؟ میں واضح آبزرویشن دے چکا ہوں، اگر ہم کوئی آرڈر کرتے ہیں تو ملزم جوڈیشل ہو جائیں گے؟ جسمانی ریمانڈ کا یہ آرڈر برقرار تو نہیں رہ سکتا لیکن اگر ہو گیا تو کیا ہو گا؟
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالت کو زیادہ لمبا جسمانی ریمانڈ نہیں دینا چاہیے، ٹرائل عدالت نے اپنے آرڈر میں ریمانڈ کی کوئی وجوہات بھی نہیں لکھیں۔ چیف جسٹس نے پراسیکیوٹر سے پوچھا کہ آپ اس جسمانی ریمانڈ کے فیصلے کا کیسے دفاع کریں گے؟ اس پراسیکیوٹر نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آرز پڑھ کر سنائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔ جج نے کہا کہ کل جمعہ ہے اور جمعہ کو دو رکنی بنچ نہیں ہوتا، کل صبح 10 بجے یہ دو رکنی خصوصی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماوں کا جسمانی ریمانڈ معطل کردیا

















