نوازشریف کا سیاسی محاذ پر متحرک ہونے، ملک گیر دوروں کا فیصلہ
لاہور (اپنے رپورٹر سے) ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے سبب ن لیگ کے قائد نوازشریف نے سیاسی محاذ پر متحرک ہونے کا فیصلہ کر لیا،ن لیگ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے سیاسی محاذ پر متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے جس کےلئے نوازشریف پہلے مرحلے میں ملک گیر دورے کریں گے، نواز شریف سب سے پہلے بلوچستان کا دورہ کریں گے،پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف بلوچستان کے بعد سندھ اور پھر خیبر پختونخوا کا دورہ کریں گے، تینوں صوبوں کے بعد نواز شریف پنجاب کے مختلف اضلاع کے دورے شروع کرینگے، نوازشریف جنوبی پنجاب بھی جائیں گے جہاں وہ پارٹی رہنماﺅں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے،پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف بلوچستان میں پارٹی کو از سر نو متحرک کرنے کےلئے تنظیم نو کریں گے، نوازشریف پارٹی کے مخلص اور دیرینہ ساتھیوں کو اعلیٰ تنظیمی عہدے دیں گے، پنجاب سمیت ملک بھر میں پارٹی کی نئی تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا،نواز شریف کی ہدایت پر تحصیل کی سطح تک تنظیم سازی کےلئے مشاورت کا عمل پہلے ہی مکمل ہو چکا، نواز شریف کی حتمی منظوری سے نئی تنظیم سازی کا اعلان کیا جائےگا، اگلے مرحلے میں چاروں صوبوں میں یونین کونسل تک پارٹی کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

















