ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ ٹائم لائن کی پابندی نہ کرنے والے ٹھیکیداروں اور کنٹریکٹرز کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کالج روڈ اور پاکپتن روڈ پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈی جی پی ایچ اے ملک اکرام،اے سی جنرل رائے فیصل عمران، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر علی خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ جھال روڈ اور غلہ منڈی کے سیوریج مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے میونسپل افسران کوہائی سٹریٹ اور ریلوے روڈ پر تجاوزات کے خلاف کاروائیاں جاری رکھنے اورکرایوں کی وصولی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں کمشنر شعیب اقبال سید نے کالج روڈ اور فرید ٹا¶ن کا دورہ کیا۔ انہوں نے میونسپل حکام کو سیوریج لائنوں کی صفائی کیلئے مشینری اور سینٹری سٹاف کو فیلڈ میں متحرک رکھنے کی ہدایت کی تاکہ سیوریج مسائل کو حل کیا جاسکے۔
ٹائم لائن کی پابندی نہ کرنیوالے ٹھیکیداروں ،کنٹریکٹرز کیخلاف کارروائی کی جائے :کمشنر ساہیوال



















