گنڈاپور نے 15 دن کی بڑھک ماری تھی، ایک دن گزر گیا: خواجہ آصف
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے علی امین گنڈاپور نے15 دن کی بڑھک ماری تھی، ایک دن گزر گیا ہے، سنا ہے انہوں نے لشکر لیکر آنا تھا، سارے پہلے دن ہی چھپ گئے؟ وزیر دفاع خواجہ آصف نے طنزیہ کہا اسمبلی سے باہر نہیں آرہے، سیاسی ورکر ہو تو دلیری سے گرفتاری دو،قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا جب آپ کہیں گے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں، اس کا کیا ردعمل آئے گا؟ اس قسم کی باتیں پرسوں کے ری ایکشن کو جواز فراہم کرتی ہیں، کیا پاکستان کا وجود ایک شخص سے نتھی کیا جاسکتا ہے، یہ کہتے ہیں کہ پختونوں کا لشکر لے کر پنجاب پر حملہ آور ہوں گے،پرسوں پاکستان کے وجود اور فیڈریشن کو چیلنج کیا گیا، اس کے بعد آپ کیا توقع رکھتے ہیں، یہ جب بھی بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں فوج سے بات کرنی ہے، یہ سیاسی ڈی این اے کا مسئلہ ہے، جب فوج نے آپ کو لانچ کیا ہو تو آپ بار بار ان کے پاس جاتے ہیں۔

















