اسلام آباد (بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہم شنگھائی تعاون تنظیم کی چھتری تلے ایران اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تجارتی تعلقات آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔یہ بات وزیر تجارت نے اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے تجارت کے 23ویں اجلاس کے حوالے سے (آئی آر این اے)کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کہی جس کی میزبانی حکومت پاکستان کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان کے اہم وفود کی موجودگی کے ساتھ آئندہ اجلاس بہت اہم ہے۔ہم رواں ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے تجارتی اور اقتصادی امور کے وزراءکا 23 واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد کریں گے جو خطے کی موجودہ صورتحال اور دنیا میں ہونے والی اقتصادی پیش رفت سے متعلق مختلف منظرناموں کے پیش نظر انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراءتجارت کے آئندہ اجلاس میں چین اور روس کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ملک ایران جیسے وفود کی موجودگی مضبوط علاقائی تعاون کی سمت میں نئے مواقع تلاش کرنے، تجارتی، اقتصادی اور وفود کے تبادلے کے طریقے اور موثر استعمال کرنے کا مثالی موقع ہے۔ وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے بارے میں کہا کہ پاکستان ایران میں نئی حکومت کے ساتھ موثر اور قریبی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے ، ہم دوطرفہ اور علاقائی دونوں سطحوں پر تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستانی وفد کا دورہ ایران اب بھی ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ممالک کے تجارتی وفود کی میزبانی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، یہ پیشرفت رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعلقات کو فروغ دینے اور ہمارے مشترکہ مفادات کو محفوظ بنانے میں مدد دینے کا ایک موقع ثابت ہو گی۔
ایران میں نئی حکومت کے ساتھ موثر اور قریبی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں: جام کمال خان



















