انگلش چینل میں کشتی الٹنے سے 12افراد ہلاک ہوگئے
لندن (مشرق نیوز) انگلش چینل میں کشتی الٹنے سے کم از کم 12افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق انگلش چینل میں ایک کشتی کو حادثہ پیش آیا جس میں درجنوں افراد ڈوب گئے۔مقامی انتظامیہ نے کہاکہ ایک کشتی میں کافی تعداد میں لوگ سوار تھے جو انگلش چینل کو پار کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ اسی دوران کشتی الٹ گئی۔انتظامیہ کے مطابق کشتی الٹنے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ حرکت میں آئی اور 65کے قریب افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا جبکہ 12افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔انتظامیہ نے کہاکہ ریسکیو کیے جانے والوں میں 12افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں 2افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔انتظامیہ نے اس حادثے کو رواں سال کا خوفناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشتی کا نچلا حصہ کھلنے کی وجہ سے اسے حادثہ پیش آیا جبکہ کشتی میں سوار کسی بھی شخص کے پاس لائف جیکٹ بھی موجود نہیں تھی۔


















