لاہور (مشرق نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہم حکمرانوں کی بڑی گاڑیوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے۔ اپنے ایک پیغام میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ آج ہماری اپیل پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد پرامن ہڑتال کر رہے ہیں، آج چترال سے لیکر کراچی تک کامیاب ہڑتال ہورہی، حکومت تاجر دوست کے نام پر تاجر دشمن سکیمیں متعارف کرا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یقین ہے کوئی تاجر تنظیم اپنی کمیونٹی اور عوام کے مفاد کے خلاف حکومتی جھانسے میں نہیں آئیگی، تاجروں سے اپیل کرتا ہوں وہی کام کریں جو ملک و قوم کے حق میں ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ حکمران اپنی مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں، ہم ان کی بڑی گاڑیوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، عوام حکمرانوں کی مفت بجلی اور عیاشیوں کے خرچے مزید اٹھانے کو تیار نہیں، جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے، حکمران طبقہ اپنے خرچے کم کرے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس دینے کو تیار ہیں لیکن مارکیٹوں کی بنیاد پر ٹیکسوں کا تعین انہیں منظور نہیں، آئی پی پیز معاہدے ختم کئے جائیں تو خودبخود تاجروں اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کی ہڑتال ایک دن کی کوشش ہے، حکومت کو مجبور کریں گے اور اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا، آج ہی تاجروں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
حکمرانوں کی گاڑیوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے: نعیم الرحمن

















