حملوں کاسرغنہ بشیر شر جہنم واصل،3افسر فارغ، ڈاکوﺅں کے سر کی قیمتیں مقرر

رحیم یار خان ،لاہور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا برق رفتار ایکشن،اہلکاروں پر راکٹ حملوں کاسرغنہ بدنام زمانہ ڈاکوبشیر شر مارا گیا،5ساتھی ثنا شر، گدا علی، کملو شر، رمضان شر اور گدی شدید زخمی ہوگئے۔


مریم نواز نے بشیر شر کو جہنم واصل کرنےوالی پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکچے کے علاقے کو ڈاکووں سے پاک کرنے کا عزم پورا کرینگے،پولیس شہدا کی قربانی نہیں بھول سکتے۔

دریں اثنا کچہ ماچھکہ کے شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ صادق شہید پولیس لائن میں ادا کی گئی،چاک و چوبند دستے نے جسد خاکی کو سلامی دی، نماز جنازہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی، آئی جی عثمان انور، ہوم سیکرٹری پنجاب نورالامین مینگل، ایڈیشنل آئی جی ساﺅتھ پنجاب کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد سیال ،ڈی جی رینجرز عاطف بن اکرم، ایڈوائزر ٹو سی ایم پنجاب بریگیڈیر بابر، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس وقار عباسی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ڈی آئی جی سکھر پیر شاہ، ڈائریکٹر سیف سٹی پنجاب ڈی آئی جی احسن یونس ، شہدا کے ورثا، پولیس افسروں ،اہلکاروں او زندگی کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افرادنے بڑی تعدا میں شرکت کی،شہدا کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا،3کاتعلق اقلیتی برادری سے ہے۔

قبل ازیں آئی جی پنجاب عثمان انورنے سینئر افسروں کےساتھ شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کا دورہ کیا، زخمی اہلکاروں کی عیادت کی،عثمان انور نے کہاپنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے ملک و قوم کےلئے ہمیشہ عظیم قربانیاں دیں، کچہ ایریا اور سرحدی چوکیوں پر دہشتگردوں، ڈاکوﺅں اور شر پسند عناصر کے حملوں کے چیلنجز کا سامنا کیا ،پولیس کچہ کے ڈاکوﺅں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے گی، حملے میں ملوث ڈاکوﺅں کی سرکوبی کیلئے آپریشن جاری رہے گا۔

آئی جی نے کہاپولیس فورس کا مورال بلند ہے،بزدلانہ کاروائیاں ملک و قوم کی حفاظت میں جانیں قربان کرنے والے بہادر پولیس جوانوں کا مورال،عزم و حوصلہ پست نہیں کر سکتیں، کچہ کے ڈاکوﺅں کےخلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا،پولیس جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، سانحہ کچہ ماچھکہ پر پنجاب پولیس کے جوابی وارسے حملے کا مرکزی ملزم بشیر شر انجام کو جاپہنچا، تمام ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

دریں اثناوزیر داخلہ محسن نقوی نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں ڈاکوﺅں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی،تمام زخمی پولیس اہلکاروں کے پاس گئے ،خیریت دریافت کی،زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہا،ہسپتال انتظامیہ کو بہترین علاج معالجے کی ہدایات دیں۔

محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا حملہ آوروں کا انجام عبرتناک و برا ہوگا،عزم و حوصلے کو سراہتا ہوں،آپ پنجاب پولیس کے بہادر سپوت ہیں،شہید اہلکاروں کو تمغہ شجاعت دیا جائے گا،سفارش کر دی ،وزیر داخلہ نے کہااہلکاروں کی شہادت پاکستان کےلئے بڑا سانحہ ہے،وفاقی حکومت تمام تر معاونت فراہم کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی، رینجرز بھی موجود ہے۔

وزیر داخلہ نے کچے کے ڈاکووں کےخلاف موثر کوآرڈینیٹڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کارروائی میں حصہ لینے والی فورس کو جدید ہتھیاروں و سیفٹی آلات سے لیس کرنے کی ہدایت کردی۔

ادھر وزیراعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پر کچے کے خطرناک ترین ڈاکوﺅں یعنی ہائی ویلیو ٹارگٹس کے سر کی قیمتیں ایک کروڑ روپے تک مقرر کر دی گئیں، خطرناک ڈاکوﺅں کے سر کی قیمت 50لاکھ،تیسری کیٹیگری کے ڈاکوﺅں کے سر کی قیمت 25لاکھ روپے مقرر کی گئی،سیکرٹری داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کہا شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،کچے کے ڈاکوﺅں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے آپریشن جاری رہے گا،سی ٹی ڈی ،پولیس کے تازہ دم دستے کچے کے علاقے میں آپریشن میں حصہ لیں گے اور ریاستی رٹ پوری طرح قائم کی جائے گی،سیکرٹری داخلہ پنجاب نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں زیر علاج زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کرکے حوصلہ بھی بڑھایا۔

مزید برآں وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ہوم سیکرٹری سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ،ڈاکووں کے حملے کا فوری و موثر جواب دینے اور آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ،سی ٹی ڈی ڈاکووں کےخلاف آپریشن کو لیڈ کرے گا،مریم نواز نے ہوم سیکرٹری کو ڈاکووں کےخلاف آپریشن کی نگرانی کی ہدایت کردی جبکہ آپریشن کیلئے سندھ حکومت سے رابطے کی ذمہ داری سیکرٹری داخلہ پنجاب کو سونپ دی،وزیراعلیٰ نے کہاڈاکووں ،دہشتگردوں کےخلاف آپریشن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، حکمت عملی ترتیب دے کر کچے کے ڈاکووں کو منطقی انجام تک پہنچائیں، ریاستی رٹ ہر صورت بحال کی جائےگی۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب نے ڈی پی او رحیم یارخان عمران ملک سمیت 3افسروں کو عہدوں سے ہٹادیا،ایس ایس پی رضوان عمر گوندل کو سی ٹی ڈی سے دوبارہ ضلعی پولیس افسرکی ذمہ دار سونپ دی گئی،ایس پی رحیم یار خان جاوید جتوئی اور ڈی ایس پی سی آئی اے کلیم احمد کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ۔