اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے ہیںجیل ٹرائل کے دوران صحافیوں کو عمران خان سے گفتگو کی اجازت نہ دیں مگر عدالتی کارروائی رپورٹ کرنے پر پابندی سے ٹرائل کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کے دوران صحافیوں کے داخلے پر پابندی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی، صحافی نے عدالت کو بتایا ایس او پیز پر عملدرآمد کے باوجود عدالتی احکامات کے تحت بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز کی عدالتی کارروائی کی کوریج کی اجازت نہیں دی جا رہی، ایس او پیز کے تحت فوکل پرسن 7صحافیوں کے نام دیتے ہیں مگر جیل انتظامیہ نے جیل ٹرائل رپورٹ کرنے کےلئے جیل میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے جیل سماعت پروسیڈنگ ریگولیٹ کرنا جج کی ذمہ داری ہے جیل انتظامیہ کی نہیں اگر صحافی کو اجازت نہیں دیں گے تو اوپن کورٹ کے تقاضوں کےخلاف ہے، اڈیالہ جیل انتظامیہ جیل ٹرائل پر کورٹ کے فیصلے پرعمل کرے، اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی طرف سے دئیے 7 صحافیوں کو جیل سماعت میں جانے کی اجازت دیں، صحافی ایس او پیز کی خلاف ورزی نہیں کریں گے،صحافیوں کو ملزم سے انٹرویو کی اجازت نہ دیں مگر عدالتی کارروائی رپورٹ کرنے پر پابندی سے ٹرائل کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھیں گے،کوئی صحافی کورٹ پروسیڈنگ میں خلل ڈالے تو کورٹ کو ریگولیٹ کرنا ٹرائل کورٹ جج کا اختیار ہے۔
عدالتی کارروائی رپورٹ کرنے پر پابندی سے ٹرائل پر سوال اٹھیں گے، ہائیکورٹ

















