گورنر سندھ کو تبدیل نہیں کیا جا رہا: پی پی، بدلا گیا تو حکومت سے الگ ہوجائیں گے: ایم کیو ایم

کراچی (بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی فوری تبدیلی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے یہ خبریں صرف میڈیا کی حد تک محدود ہیں، سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے تصدیق کی سندھ کا گورنر فی الحال تبدیل نہیں ہو رہا، تبدیلی کا صرف میڈیا میں سنا ہے، خالد مقبول صدیقی کی حال ہی میں صدر مملکت سے ہونے والی ملاقات یونیورسٹیوں کے حوالے سے تھی جس کے تحت پنجاب کی ایک بڑی یونیورسٹی کا کراچی میں کیمپس قائم ہوگا،ادھر متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے ن لیگ نے گورنرسندھ کو تبدیل کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کیا تو ایم کیو ایم کیلئے حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہوگا،سندھ کا گورنر ایم کیو ایم کا گورنر ہے، مسلم لیگ ن کے ساتھ یہی طے ہوا تھا سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری ہی رہیں گے۔