پی این ایس حنین کا رومانیہ سے پاکستان کی جانب پہلے سفر کا آغاز

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)پاکستان بحریہ کے نئے جنگی بحری جہاز پی این ایس حنین کا رومانیہ سے پاکستان کی جانب پہلے سفر کا آغاز ہو گیا،پی این ایس حنین رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹنٹا (Constanta) سے پاکستان کےلئے روانہ ہو ا،

رومانیہ بحریہ کے فلیٹ کمانڈر نے پی این ایس حنین کا دورہ کیا ،کمانڈنگ آفیسر سے ملاقات کے بعد نیک تمناوں کےساتھ الوداع کیا،پی این ایس حنین نے رومانیہ بحریہ کے جہاز لاسٹنل (Lastunul) کے ساتھ سمندر میں دوطرفہ مشق میں حصہ لیا،پی این ایس حنین دامن شپ یارڈرومانیہ میں بننے والے چار آف شور پٹرول ویسلز میں سے تیسرا جہاز ہے۔

پی این ایس حنین کثیرالمقاصد، انتہائی سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے جو ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کےساتھ ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے،پی این ایس حنین ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،پی این ایس حنین کی شمولیت سے بحر ہند میں علاقائی میری ٹائم سکیورٹی پٹرول میں تعیناتی مزید مستحکم ہو گی۔