راولپنڈی (بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ اللہ کے نزدیک سب سے بڑا جرم فساد فی الارض ہے اور پاک فوج فساد فی الارض کے خاتمے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ آرمی چیف نے وزیراعظم شہبازشریف کےساتھ نیشنل علماءکنونشن میں شرکت کی جہاںآرمی چیف نے نیشنل علماءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو شریعت اور آئین نہیں مانتے ہم انہیں پاکستانی نہیں مانتے، پاکستان نے 40 سال سے زائد افغانیوں کی مہمان نوازی کی، دہشت گردی کی جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں، ہم پختون بھائیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انکے ساتھ کھڑے ہیں، خوارج ایک بہت بڑا فتنہ ہیں جن کے بارے میں علامہ اقبال نے فرمایا تھا ”اللہ سے کرے دور تو تعلیم بھی فتنہ، املاک بھی اولاد بھی جاگیر بھی فتنہ، ناحق کےلئے اٹھے تو شمشیر بھی فتنہ، شمشیر ہی کیا نعرہ تکبیر بھی فتنہ“.... سربراہ پاک فوج نے کہا ہم لوگوں کو کہتے ہیں اگر احتجاج کرنا ہے تو ضرور کریں لیکن پرامن رہیں، ناموس رسالت پر بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کسی کی ہمت نہیں جو رسول پاک کی شان میں گستاخی کرسکے، علما و مشائخ سے التماس ہے وہ شدت پسندی یا تفریق کی بجائے تحمل اور اتحاد کی ترغیب دیں، علما کو چاہئے کہ وہ اعتدال پسندی کو معاشرے میں واپس لائیں اور فساد فی الارض کی نفی کریں، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے دین میں جبر نہیں ہے۔ جنرل عاصم منیرنے کہا سمگلرز مافیا دہشت گردی کی پشت پناہی کررہے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے انتشار پھیلایا جاتا ہے، کسی نے انتشار کی کوشش کی تو ہم اسکے آگے کھڑے ہوں گے، یہ ملک قائم رہنے کےلئے بنا ہے، اس پاکستان پر لاکھوں عاصم منیر، لاکھوں سیاستدان اور لاکھوں علما قربان ہیں۔ اقبال کا شعر پڑھ کر آرمی چیف نے کہا اپنی ملت پر قیاس اقوام مغرب سے نہ کر، خاص ہے ترکیب میں قوم رسول ہاشمی، انکی جمعیت کا ہے ملک و نسب پر انحصار، قوت مذہب سے مستحکم ہے جمعیت تری۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ریاست کی اہمیت جاننی ہے تو عراق، شام، لیبیا سے پوچھو، پاکستان پر لاکھوں عاصم منیر، لاکھوں سیاستدان اور لاکھوں علما قربان کیونکہ پاکستان ہم سے زیادہ اہم ہے، علما و مشائخ شدت پسندی، تفریق کی بجائے تحمل اور اتحاد کی ترغیب دیں، علما کو چاہئے کہ وہ اعتدال پسندی کو واپس لائیں، فساد فی الارض کی نفی کریں، مغربی تہذیب، رہن سہن ہمارے آئیڈیلز نہیں، ہمیں اپنی تہذیب پرفخر ہونا چاہئے، جو کہتے تھے کہ ہم نے دو قومی نظرئیے کو خلیج بنگال میں ڈبو دیا ہے، وہ آج کہاں ہیں؟ کشمیر تقسیم پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، فلسطین پر ڈھائے مظالم دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، فلسطین سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ اپنی حفاظت خود کرنی ہے، ہمیں پاکستان کو مضبوط بنانا ہے۔
سب سے بڑا جرم فساد فی الارض، آئین و شریعت کو نہ ماننے والے پاکستانی نہیں :آرمی چیف جنرل عاصم منیر

















