حکومت کے پاس صرف 2 ماہ ، معافی مانگنے کا تاثر غلط، کوئی ڈیل نہیں کروں گا: عمران خان

راولپنڈی، لاہور (بیورورپورٹ+ کورٹ رپورٹر) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے جتنے مقدمات بنانے ہیں بنا لیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، ڈیل وہ کرتا ہے جس نے کوئی جرم کیا ہو،تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے، 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی والے سامنے لائے جائیں تو معافی مانگوں گا،9 مئی پر صرف انصاف چاہتے ہیں، میں صرف اور صرف پاکستان کےلئے بات کرنے کا کہہ رہا ہوں، حکومت میں موجود ریلو کٹے فوج کو ورغلاتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو ختم کردیں، القادر ٹرسٹ کیس میں گواہ پیش کروں گا، شناخت نہیں بتا سکتا ورنہ ڈالا پہنچ جائے گا،سابق وزیراعظم نے کہا اگر موجودہ حکومت کی زیر نگرانی دوبارہ الیکشن ہوئے تو ہم نہیں مانیں گے، مجھ سے مذاکرات کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا، جیل سے پیش گوئی کررہا ہوں کہ حکومت کے پاس صرف 2 مہینے کا وقت ہے، حکومت دلدل میں پھنستی جارہی ہے، یہ بیوقوف ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہی، میرے پاس بہت وقت ہے، ان کے پاس وقت ختم ہو رہا ہے مزید برآں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر فریقین کے وکلا کو حتمی دلائل کےلئے طلب کرلیا،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کو کلمہ چوک اور لبرٹی میں کنٹینر جلانے سمیت 4 مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی جج ارشد جاوید نے عمران خان کی ضمانت کےلئے درخواستوں پر سماعت کی،دوران سماعت عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر کو دلائل کےلئے طلب کرلیا جبکہ پولیس کو مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا بھی حکم دےدیا،بعدازاں انسداد دہشت گری عدالت نے عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کر دی۔