اہم قانون سازی ،الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پارلیمنٹ سے منظور

اسلام آبا د:(بیورورپورٹ)پارٹی سرٹیفکیٹ جمع نہ کرانے والا امیدوار آزاد تصور ، مقررہ مدت میں ایک مرتبہ کسی سیاسی جماعت سے وابستگی کا اظہار ناقابل تنسیخ ،مقررہ مدت میں مخصوص نشستوں کی فہرست جمع نہ کرانے کی صورت میں کوئی سیاسی جماعت بعدازاں مخصوص نشستوں کی حقدار نہ ہوگی،حکومت اہم قانون سازی کرنے میں کامیاب،الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پارلیمنٹ سے منظور،اپوزیشن کی ترامیم مسترد،شدید احتجاج، ہنگامہ،سپیکر ڈائس کاگھیراﺅ،ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں،عدلیہ ، جمہوریت پر حملہ نامنظور کے نعرے ،بل سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کااعلان کردیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا،ن لیگ کے بلال اظہر کیانی،زیب جعفر نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظوری کےلئے پیش کیا، اپوزیشن اراکین کی جانب سے شدید مخالفت کی گئی،نشستوں پر کھڑے ہوکرنعرے بازی کرتے رہے، سپیکر ڈائس کاگھیراﺅ کرکے بل نامنظور ، عدلیہ ، جمہوریت پر حملہ نامنظور کے نعرے لگائے تاہم ایوان نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا۔

ترمیمی بل کے مطابق انتخابی نشان کے حصول سے قبل پارٹی سرٹیفکیٹ جمع نہ کرانے والا امیدوار آزاد تصور ہو گا، مقررہ مدت میں مخصوص نشستوں کی فہرست جمع نہ کرانے کی صورت میں کوئی سیاسی جماعت مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں ہوگی،کسی بھی امیدوار کی جانب سے مقررہ مدت میں ایک مرتبہ کسی سیاسی جماعت سے وابستگی کا اظہار ناقابل تنسیخ ہو گا،سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پیش کی گئی ترامیم مسترد کردی گئیں۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی علی خان نے کہا الیکشن ایکٹ ترمیمی بل غیر آئینی ہے، کس طرح قانون سازی کرکے سپریم کورٹ کی جانب سے دئیے گئے حق سے محروم کیا جاسکتا ہے،بل سیاسی مقاصد کےلئے پیش کیا گیا،کیا صرف 39 اراکین حلال ،باقی حرام ہیں، بل کو مسترد کرتے ہیں، قانون سازی کےخلاف سپریم کورٹ میں جائیں گے۔

علی خان نے کہابل قانون سازی نہیں بلکہ سیاسی جماعت کی فسطائیت ہے،پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ پر حملے کےلئے استعمال کیا گیا، قانون سازی بے شک کریں مگر قانون سازی ملکی مفاد میں ہونی چاہئے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا اسی ایوان میں 81اراکین نے حلف دیا سنی اتحاد کونسل کا حصہ ہیں، اب کہتے ہیں نہیں فلاں جماعت کا حصہ ہیں؟ کسی ایک بات پر تو کھڑے ہوں، صرف اور صرف انتخابات کے قانون میں وضاحت لارہے ہیں،قانون سازی کسی اور نہیں صرف ایوان کا اختیار ہے،قانون سازی آئین و قانون کے مطابق ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا آئین و قانون کےخلاف قانون سازی ہورہی ہے، سپریم کورٹ نے کہا پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور رہے گی، پارلیمنٹ سپریم ضرور ہے لیکن تشریح کا اختیار سپریم کورٹ کو ہے، قانون سازی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا اگر سیاسی جماعتوں کو جگہ نہیں دیں گے تو کوئی اور آئے گا، آپ کا انجام بھی حسینہ واجد جیسا ہوگا، بہتر ہے شہباز شریف شیخ حسینہ کو فون کر کے راستہ پوچھ لیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی فاروق ستار نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا اعتماد میں نہیں لیا گیا، آئینی ادارے کی ضد میں کی جانے والی قانون سازی ٹھیک نہیں ،فیصلے سے پہلے صرف سیاسی جماعتیں دست گریبان تھی، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نہ ختم ہونے والی لڑائی شروع ہوگئی ،اقدام قانون سازی کا حربہ تو ہوسکتا ہے لیکن حکومت ،اپوزیشن کی شکست ہے،فاروق ستار نے کہا آپ مفاہمت کا راستہ نکالنے کےلئے تیار نہیں ، کاش مسئلے کو سیاسی طور پر حل کیا جاتا، عدالت کی بجائے پارلیمنٹ فیصلہ کرتی تو راستہ نکل سکتا تھا۔

پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی شازیہ مری نے کہا ایوان میں عوام کے مسائل پربات ہونی چاہیے ،قانون بنانا پارلیمنٹ کا کام ہے، عدالتوں کا نہیں، الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سپریم کورٹ کے فیصلے کےخلاف نہیں ، بل پارٹی سے وفاداری کو یقینی بناتا ہے تو غلط کیسے ہے اب ڈیجیٹل دہشتگردی نہیں چلے گی۔

شازیہ مری نے کہا9 مئی والوں کی مذمت کریں، تقسیم و نفرت پیدا کرنے والا محب وطن نہیں ہوسکتا، محب وطن 14 سال قید کاٹ کر صدر کی کرسی پر ہے، استحکام قائم رکھنے کیلئے ہر قیمت ادا کریں گے۔

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا نے کہا بھٹو ،بےنظیر کا نظریہ دفن کردیاگیا، بےنظیر کی شہادت پر لوگوں کی املاک کو جلایا گیا،عمران خان کا سب کچھ ملک میں ہے، ملک سے باہر کوئی پراپرٹی نہیں ،معاہدہ کرکے نہیں بھاگے بلکہ جیل میں بیٹھے ہوئے ہیں،حامد رضا نے کہا اس وقت سے ڈریں جب وقت کا پہیہ بدلے گا،عزت کی طرف اٹھنے والا ہاتھ واپس نہیں جانے دیں گے، اخلاقیات کو یاد رکھنا ہوگا۔

بعدازں سینٹ نے بھی الیکشن ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیا ،بل منظوری کیلئے سینیٹر طلال چودھری نے پیش کیا،پی ٹی آئی سینیٹرز نے شدید احتجاج کرتے ہوئے شور شرابہ کیا،چیئرمین سینٹ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پیش کرنے کی اجازت دی،ایوان نے شق وارمنظوری دےدی۔

اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا جمہوریت میں ووٹ کو عوام کی منشا تصور کیا جاتا ہے، الیکشن کمیشن اب سلیکشن کمیشن بن چکا ،90 روز میں 2 اسمبلیوں کے انتخابات نہ کرا کر آئین توڑا،الیکشن کمیشن صاف شفاف الیکشن اور آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا، عدلیہ کی بجائے بیورو کریسی سے آر اوز لئے گئے،الیکشن کمیشن نے جماعت کا نشان چھینا، امیدواروں کو مضحکہ خیز نشانات دیئے، الیکشن میں ہر قسم کی جیری مینڈرنگ کی گئی، الیکشن کے دن انٹرنیٹ، موبائل سروسز بند کر دی گئیں۔

شبلی فراز نے کہا جب دیکھا پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار دو تہائی سے جیت رہے ہیں تو فارم 47 آگیا، الیکشن کے بعدآئینی راستہ الیکشن ٹریبونل تھا پھر ریٹائرڈ ججز کو لگانے کی قانون سازی کر دی، پارلیمنٹ پھر استعمال ہوئی ،عوامی فیصلے کو ہر طریقہ سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، برے طریقے سے ہارے ہوئے اور فارم 47 کے ذریعے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں،شبلی فراز نے کہا بل بدنیتی پر مبنی ہے، سپریم کورٹ کے 8 ججز نے کہا پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور رہے گی، مخصوص نشستوں پر پاکستان کی بڑی عدالت نے فیصلہ دیدیا، اب بڑے لوگ بھیک مانگنے پہنچ گئے،بل براہ راست سپریم کورٹ پر حملہ ہے،صاف کہہ دیں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو نہیں مانتے چاہے آئین، قانون کچھ اور کہے۔

وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا قانون سازی کا اختیار 17 لوگوں کو نہیں دیں گے،پی ٹی آئی والے ہمیشہ یوٹرن لیتے ہیں، پی ٹی آئی دور میں قانون سازی کیسے ہوئی سب کو پتہ ہے،قانون سازی کوان الیکٹڈ لوگ ختم نہیں کرسکتے، آئین کی تشریح وآئین کو ری رائٹ کرنے میں بڑا فرق ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہااپوزیشن لیڈر فرط جذبات میں کہہ گئے دو تہائی اکثریت ملی،آز اد اراکین کسی دباو¿ کے بغیر سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوچکے ، سال 2018 سعد رفیق کے حلقے میں ری اکاوٹنگ کا سٹے آرڈر اسمبلی کی مدت تک برقرار رہا،پی ٹی آئی دور میں سپلیمنٹری بل پیش کیا گیا، اپوزیشن لیڈر کی عدم موجودگی میں ایک ووٹ سے بل منظور ہوا، تاریخ و حقائق کو درست رکھیں، عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگئی مگر الیکشنز پٹیشنز پڑی رہیں، ریٹائرڈ ججز حاضر سروس ججز سے زیادہ جلدی فیصلے دیتے ہیں۔

وزیر قانون نے مزید کہاریٹائرڈ ججز نے بطور الیکشن ٹریبونل 80 فیصد پٹیشنز نمٹائیں، سپریم کورٹ کا اقلیتی فیصلہ آنے سے پہلے قومی اسمبلی میں آیا تھا، قانون سازی ، ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے، اپنا اختیار خود مختاری و آزادی کےساتھ استعمال کریں۔