لاہور(علی جنید) مشرق کی تحقیقاتی رپورٹنگ کے مثبت نتائج، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن کو واپس پیرنٹس ڈیپارٹمنٹ بلانے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزارت مذہبی امور کو آگاہ کردیا جبکہ 19 ویں سکیل کے نئے افسر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ متروکہ وقف املاک سیکرٹری بورڈ کی بے ضابطگیوں کے بارے میں وزارت مذہبی امور نے آڈٹ کے دوران اصل سروس فائل غائب کرنے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پر ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری بورڈ میرٹ کے برعکس تعینات ہوئے تھے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایڈیشنل سیکرٹری شرائن کی سیٹ 19 ویں سکیل کی ہے جس پر وفاقی حکومت اس سیٹ پر کسی ذمہ دار آفیسر کو بھجواتی ہے۔ اسی طرح ایڈیشنل سیکرٹری شرائن شاہد سلیم کو ستمبر 2021ءکے آخر میں اس سیٹ پر تعینات کیا گیا تھا اور تعیناتی کے چند ماہ بعد ہی متعدد بے ضابطگیاں سامنے آنا شروع ہوگئی جس پر روزنامہ ”مشرق“ کی تحقیقاتی رپورٹنگ کے ذریعے اعلیٰ حکام کے مسلسل نوٹس میں لانے کا سلسلہ جاری رہا جس میں شاہد سلیم کی جانب سے بوگس بھرتیاں، اخراجات میں بے پناہ اضافہ، سکھ مسلم بھائی چارہ کو شدید نقصان پہنچانے اور یہاں تک کہ سابق جوائنٹ سیکرٹری ارشد فرید خان کی جانب سے شعبہ شرائن کے آڈٹ کے احکامات بھی نہیں تسلیم کئے گئے تھے۔ علاوہ ازیں میلوں کے دوران اپنے من پسند ٹھیکیداروں کو ٹرانسپورٹ سے لیکر گردواروں کے کمروں تک میں کمیشن لینا معمول بن گیا تھا جس کے تمام دستاویزاتی ثبوت ”مشرق“ حاصل کرتے ہوئے اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایا جس پر وفاقی حکومت نے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا تھا اور ان تمام امور کی روشنی میں بالآخر اعلیٰ حکام نے شاہد سلیم کو واپس ”پیرنٹس ڈیپارٹمنٹ“ رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور وزارت مذہبی امور کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب متروکہ وقف املاک بورڈ دسمبر 2023ءمیں اقبال فرید کو بطور سیکرٹری بورڈ تعینات کیا گیا تھا جس نے محکمے کے تمام معاملات میں نہ صرف کرپشن کو پروان چڑھایا بلکہ ملازمین کو دھمکا کر اپنا حصہ وصولی کیا اور اپنی اصل فائل غائب کردی جس کا انکشاف آڈٹ کے دوران ہوا ۔ دوسری طرف وزارت مذہبی امور نے فرید اقبال کے بارے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔علاوہ ازیں ایک بار پھر وفاقی کابینہ میٹنگ میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کیلئے دو اہم شخصیات کے نام ایجنڈا میٹنگ نمبر 2 میں رکھ لئے گئے ہیں جن میں سے ایک نسیم لابر اور دوسرے ریٹائرڈ فوجی آفیسر بتائے جا رہے ہیں۔
مشرق کی تحقیقاتی رپورٹنگ کے مثبت نتائج، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن شاہد سلیم کو پیرنٹس ڈیپارٹمنٹ واپس بلانے کے احکامات



















