بھارت کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرے ،پی آئی ڈی لاہور کے زیر اہتمام پینل ڈسکشن

لاہور: (اپنے رپورٹر سے ) بھارت کو کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنا ہوگی، یوم استحصال منانے کا مقصد بھارت کے کشمیریوں پر مظالم کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے ،جنوبی ایشیا میں قیام امن کا راستہ کشمیر کی آزادی سے ہو کر نکلتا ہے ،ہم ایٹمی طاقت ہیں دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ بطور پاکستانی ہم اپنے فرائض ایمانداری سے سر انجام دے سکیں ، وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا، ان خیالات کا اظہار مقررین نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور آفس کے زیر اہتمام گزشتہ روز یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے منعقدہ پینل ڈسکشن کے دوران کیا۔

پینل ڈسکشن میں معروف تجزیہ نگار و صحافی مجیب الرحمن شامی ، سلمان غنی ، نجم ولی ، ڈاکٹر منیبہ افتخار ، ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ شفقت محمود و دیگر نے شرکت کی اور یوم استحصال کشمیر کی تاریخ اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر سیر حاصل گفتگو کی۔

مجیب الرحمن شامی نے کہا یوم استحصال کشمیر منانے کا مقصد کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانا ہے ، بھارت نے کشمیر میں ایک عرصے تک ظلم کا جو بازار گرم کیا ہوا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ہے، دنیا کو کشمیریوں کی مدد کےلئے آگے آنا ہو گا، نجم ولی نے کہا 5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام 27 اکتوبر کا ہی تسلسل ہے،عالمی برادری کو کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی کو روکنا ہو گا تاکہ دنیا کو کسی بڑی جنگ سے محفوظ بنایا جا سکے۔

سلمان غنی نے کہا سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بھارتی پارلیمنٹ نے اپنے ہی آئین کو روندتے ہوئے جنت نظیر کشمیر کو ہڑپ کر لیا ،بھارت ایک فاشسٹ حکومت کے زیرتسلط ہے جس کے تمام نظریات وہی ہیں جو آر ایس ایس جیسی دہشت گرد تنظیم کے ہیں ، بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے فاشزم نظریئے میں آئین کی بھی کوئی حیثیت وقدروقیمت نہیں،5اگست یوم حساب بن کر رہے گا۔

پروفیسر ارم خالد نے کہا بھارت نے 5 سال قبل آج کے ہی دن کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی اور کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ،وہ قومیں ہمیشہ زندہ رہتی جو اپنی تاریخ یاد رکھتی ہیں ،یوم استحصال کشمیر کے بارے میں بھارتی بربریت کو دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے،ڈاکٹر منیبہ افتخار نے کہا ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا ،بطور مسلمان اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے،نئی نسل کو کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد سے آگاہ کرنا ہو گا۔

،قبل ازیں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے پریس انفارمیشن میشن واک کا بھی اہتمام کیا گیا ، واک میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات ،پی آئی ڈی کے افسران ، ملازمین و دیگر نے شرکت کی ،واک کے شرکاءنے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔