حکومت فرار کے راستے پر گامزن،عوام کا حق لےکر رہیں گے:جماعت اسلامی

راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے حکومت فرار کے راستے پر گامزن ہے،عوام کا حق لےکر رہےں گے، وزیر صاحبان مذاکروں کا چیلنج دینے سے بہتر ہے مہنگی بجلی،بھاری ٹیکسزکا خاتمہ کریں اور آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرائیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا وزیر اعظم عوامی مسائل پر سیاست کررہے ہیں،مذاکرات کی پیش رفت سے بھاگنا چاہتے ہیں اور جھوٹی منفی سیاست کی بنیاد پر ملک کو انارکی اور فساد میں دھکیل کر مختلف طبقات کو باہم دست و گریباں کرنا چاہتے ہیں،جماعت اسلامی منفی اور جھوٹی سیاست سے عوام کو محفوظ رکھے گی،مذاکرات ہماری خواہش نہیں تھی،خود حکومت نے رابطہ کیا،2راونڈ مکمل ہوئے،اپنا موقف اور مسائل کا حل پیش کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہاجماعت اسلامی کسی صورت اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگی ،25 کروڑ عوام کا حق لےکر رہےں گے،لوگ پرامید ہیں دھرنے کے نتیجے میں ریلیف ملے گا، تنخواہ داروں پر ٹیکس بوجھ کے خاتمے کی امید پیدا ہوئی ہے،عوامی ایشوز پر ہمیشہ سیاسی جماعتیں تحریکیں چلاتی رہی ہیں، دھرنا اور احتجاج پاکستان کی سیاست کاحصہ ہے، عوام کو ریلیف کےلئے دھرنا دے رہے ہیں، ملک آئینی،سیاسی،جمہوری اور انتخابی بحران سے دوچار ہے،عدم استحکام ہے، حکومت کی رٹ نظر نہیں آتی،حکمرانوں کی جانب سے آئین پاکستان کو پامال اور قیام پاکستان کے مقاصد سے انحراف کیا جارہاہے،حکمران حقیقت میں اپنی ساکھ کھو بیٹھے ہیں،صرف میڈیا میں حکومت کررہے ہیں۔