بنگلہ دیش،سول نافرمانی تحریک، جھڑپیں،جلاﺅ گھیراﺅ،80سے زائد ہلاک

ڈھاکہ:(مشرق نیوز) بنگلہ دیش میں طلبہ کی سول نافرمانی تحریک شروع،مظاہرے،جھڑپیں،جلاﺅ گھیراﺅ،80سے زائد افراد ہلاک،سینکڑوں زخمی ہو گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم و امتیازی سلوک کےخلاف طلبہ ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے اور وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کردیا ، پولیس ،مظاہرین میں جھڑپوں سے80سے زائد افراد ہلاک،سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

متعدد علاقوں میں بڑے پیمانے پر ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعات سے شدید خوف وہراس پھیل گیا،تھانوں،اراکین اسمبلی کے مکانات بھی نذر آتش کردئیے گئے، حکومت نے کرفیو نافذ کرکے انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی ۔

وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے کہاسڑکوں پر احتجاج کرنے والے طالبعلم نہیں دہشتگرد ہیں جو ملک کو غیرمستحکم کرنے نکلے، ہم وطنوں سے اپیل ہے دہشتگردوں کو سختی سے کچل دیں۔

دریں اثنا بنگلہ دیشی آرمی چیف وقار الزماں نے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے فوج ہمیشہ عوام کےساتھ کھڑی رہی ہے اور اب بھی کھڑی رہے گی،عوامی جان و مال اور اہم سرکاری تنصیبات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

ادھر بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر سید احمد معروف نے کہا بنگلہ دیش میں تمام پاکستانی محفوظ ہیں،44 طلبہ پہلے ہی وطن واپس آچکے،6کی خواہش پر آج پاکستان بھیج دیا جائے گا،ہائی کمیشن طلبہ کےساتھ مسلسل رابطے میں ہے، پہلے کی طرح اب بھی طلبہ کو پاکستان ہائی کمیشن کی عمارت میں شفٹ کر دیا جائے گا۔