مطالبات نہ مانے گئے تو تحریک ”حکومت گراو“میں بدل جائےگی:نعیم الرحمن
راولپنڈی،لاہور :(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبات نہ مانے جانے پر تحریک ”حکومت گراو “میں بدلنے کی دھمکی دےدی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاحکومت کو 2 دن دیتے ہیں، مطالبات پر حکمرانوں نے کوئی پیش رفت نہ دکھائی تو ساری بات چیت دھرنے میں میڈیا کے سامنے ہوگی، قوم کو بتائیں آپ کو اخراجات کم کرنے میں کیا پریشانی ہے، کسی کو دھوکہ دینے کی کوشش نہیں کرنے دیں گے، مطالبات نہ مانے گئے تو تحریک حکومت گراو میں بدل جائے گی، کوئی خلاف آئین کام، جلاو گھیراو یا نقصان نہیں کریں گے، کسی کو موقع نہیں دیں گے انتشار پھیلائے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاحکمران اپنے دھندے اور عیاشیاں ختم کریں، بتایا جائے حکومتی اخراجات میں 25 فیصداضافہ کیوں کر دیا گیا، گاڑیاں وزیروں مشیروں اور بیوروکریسی کی چلیں اور پٹرول کے پیسے عوام برداشت کریں ایسا اب نہیں چلے گا،بیوروکریسی کی بجلی، گیس،پانی کے پیسے قوم کے ٹیکس سے ادا کرنا بند کرو، ماہانہ ایک ہزار ارب کی کرپشن صرف ایف بی آر میں ہوتی ہے،آئی پی پیز کے معاملے پر سپریم کورٹ بھی جاسکتے ہیں حکومت بات کو آگے بڑھائے ورنہ سارے ایکشن لیں گے۔
،دوسری جانب جماعت اسلامی نے چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنوں کاپلان سی تیار کرلیا،ذرائع کے مطابق کراچی میں دھرنا آج ہوگا، چند روز بعد پشاور لاہور اور کوئٹہ میں دھرنے ہوں گے،صوبائی ہیڈ کوارٹرز کے بعد ڈویژنل لیول پر احتجاج شروع کیا جائے گا،سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے پلان سی کی تصدیق کرتے ہوئے کہادھرنے کی 14 اگست تک کی تیاری کرلی ،احتجا ج پرامن ہے اور رہے گا، حکومت کو آئی پی پیز معاہدوں پرنظرثانی کرنا پڑے گی۔


















