آزاد امیدوار کا سیاسی جماعت میں جانا ناقابل تنسیخ،قائمہ کمیٹی میں بل منظور

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) آزاد امیدوار کا سیاسی جماعت میں جانا ناقابل تنسیخ ،قائمہ کمیٹی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیا،بل کی حمایت میں 8 ،مخالفت میں 4 ووٹ آئے ،جے یو آئی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا،پیپلز پارٹی اجلاس سے غائب رہی۔

دوران اجلاس اپوزیشن رکن علی خان اور وزیر پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا،علی خان نے کہا نجی بل پر وزیر قانون وکالت نہ کریں، بل پیش کرنے والے کو تشریح کرنی چاہیے،اعظم نذیر تارڑ نے جواب دیا آپ مجھے ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔

علی خان نے کہا آپ کوبھی بلڈوز کرنے کا حق نہیں،اعظم نذیر تارڑ نے کہا عدالتیں قانون کی تشریح کرتی ہیں، 3 دن میں ممبرز نے ایک سیاسی پارٹی جوائن کرنی ہے، آزاد الیکشن لڑا اور سیاسی جماعت جوائن کرلی تو آپ کی وہی پارٹی رہے گی تبدیلی ممکن نہیں، سیاسی جماعت کی جوائننگ ایک مرتبہ ہونی ہے اور وہ ناقابل تنسیخ ہوگی،کسی ادارے کو آئین کودوبارہ تحریر کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے،پی ٹی آئی خوشی سے دوسری بس میں بیٹھنے کی بجائے الیکشن کمیشن جاتی، آپ نے رضاکارانہ طور پر نکاح سنی اتحاد کونسل سے کر لیا،میٹھا میٹھا ہپ ، کڑوا کڑوا تھو نہیں ہونا چاہیے۔

بعد ازاں قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 کی کثرت رائے سے منظوری دےدی،الیکشن ایکٹ ترمیمی بل جمعہ کو منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا،بل کے مطابق کسی سیاسی جماعت سے وابستگی کا اقرار نامہ تبدیل نہیں کیا جاسکتا،آزاد امیدوار کا سیاسی جماعت میں جانا ناقابل تنسیخ ہوگا۔