تہران،اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید،ایران کا3روزہ سوگ ،انتقام کی علامت سرخ پرچم لہرادیا

تہران،دوحہ،انقرہ،تل ابیب،غزہ،ماسکو:(مشرق نیوز)تہران میں اسرائیلی حملے میں حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ محافظ سمیت شہید ہوگئے،ایرانی سکیورٹی حکام اور حماس نے شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہااسماعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا۔

ایرانی ٹی وی کے مطابق اسماعیل ہنیہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تہران میں موجود تھے،قیام گاہ پر حملہ کرکے شہید کیا گیا،تحقیقات کے نتائج جلد سامنے لائے جائیں گے،اسرائیل کی جانب سے تاحال تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تاہم اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیااسماعیل ہنیہ پاسداران انقلاب کے گیسٹ ہاوس میں مقیم تھے، مقامی وقت کے مطابق رات 2 بجے میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

عرب ٹی وی نے کہاحملے میں میزائل براہ راست اسماعیل ہنیہ کے جسم پر داغا گیا،ادھرشہید سربراہ اسماعیل ہنیہ کی نمازجنازہ جمعرات کو تہران میںادا کی جائے گی،تدفین جمعہ کودوحہ میں ہوگی۔

ایران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر 3روز کے قومی سوگ کا اعلان کرتے ہوئے انتقام کی علامت سرخ پرچم لہرا دیا،مذہبی اہمیت کے حامل اہم شہر قم کی مسجد جمکران میں ایرانی روایات کے مطابق انتقام کی علامت سرخ پرچم لہرایا گیا ۔

سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا تہران کا فرض ہے، اسرائیل نے اپنے لیے سخت سزا کی بنیاد فراہم کردی ،مجرم و دہشتگرد صیہونی حکومت نے گھر میں مہمان کو شہید کرکے سوگوار کیا، اسماعیل ہنیہ نے قابل عزت راہ میں سالوں تک جان داﺅ پر لگا کر جدوجہد کی اور شہادت کےلئے ہمیشہ تیار رہے ،اپنے لوگ اور بچے بھی قربان کیے، پاسداران انقلاب نے کہا اسماعیل ہنیہ کے قتل کا سخت اور دردناک جواب دیا جائے گا،وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے کہا اسماعیل ہنیہ کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا،شہادت ایران، فلسطین اور مزاحمت کے درمیان گہرے و اٹوٹ بندھن کو مضبوط کرے گی، صدر مسعود پزشکیان نے کہاایران دہشتگرد قابضین کو شہادت کے بزدلانہ عمل پر پچھتانے پر مجبور کردے گا،اپنی علاقائی سالمیت اور وقار کا دفاع کرینگے۔

دریں اثنا اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر حماس نے کہاذمہ داروں کو سزا دی جائے گی، اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر فلسطینی عوام، عرب عوام، امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انصاف پسند عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں،اسماعیل ہنیہ کا قتل بزدلانہ فعل ہے ،اسرائیل کو مقاصد حاصل نہیں ہوں گے،بیت المقدس کو آزاد کرانے کےلئے کھلی جنگ لڑ رہے ہیں، بیت المقدس کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کےلئے تیار ہیں،شہادت کاجواب دئیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

پاپولرفرنٹ فارلبریشن آف فلسطین کے ترجمان مہر الطاہر نے کہا شہید اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کاز کےلئے اپنا سب سے قیمتی مال دیا، فلسطینی اپنے مقصد کےلئے ہر عزیز اور قیمتی چیزپیش کرنے کو تیار ہیں،دشمن اسرائیل تمام سرخ لکیروں کو عبور کرگیا ، اسرائیل نے معاملات کو جامع جنگ کی طرف دھکیل دیا، مزاحمتی تنظیمیں جنگ کےلئے پوری طرح تیار ہےں، اسرائیلی حکومت ہنیہ کے قتل اورایرانی خودمختاری پرحملے کے گناہ پرپچھتائے گی، شہید اسماعیل ہنیہ کا قتل امریکی مدد کے بغیر نہیں ہو سکتا۔

دوسری جانب ترکیہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں، ثابت ہوگیااسرائیل امن نہیں چاہتا،قتل کا مقصدہے اسرائیل غزہ میں جنگ کو علاقائی سطح تک پھیلانا چاہتا ہے، عالمی قوتوں کی جانب سے اسرائیل کو نہ روکا گیا تو خطے میں مزید بڑے تنازعات کا سامنا ہوگا،نائب روسی وزیر خارجہ نے کہا حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کا قتل سیاسی و ناقابل قبول ہے ، قتل کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بنے گا،قطر نے کہا اسماعیل ہنیہ کا قتل اور غزہ میں عام شہریوں پر اسرائیلی حملے کشیدگی میں خطرناک اضافہ کریں گے،فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینیوں سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہااسماعیل ہنیہ کا قتل بزدلانہ کارروائی اور خطرناک پیشرفت ہے،عوام کو متحد ہونا ہوگا۔