اوورسیز پاکستانیز سمیت ہر طبقے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں: چیف جسٹس ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر) انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن یوکے لاہور چیپٹر کے عہدیداران نے لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس مس عالیہ نیلم سے ملاقات کی اورانہیں پہلی خاتون چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفد کی قیادت صدر آئی ایل اے پاکستان کے صدر پیر مسعود چشتی اورآئی ایل اے لاہور کے صدر عاشق علی رانا نے کی ۔اس موقع پر سینئر نائب صدر ملک جلیل اعوان،جنرل سیکرٹری محمد اسحاق بریار،فنانس سیکرٹری شیخ عدیل شاہد، آئی ایل اے پاکستان کے جنرل سیکرٹری قاری زوہیب الرحمن زبیری اور بھی موجود تھے۔وفد نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا ۔وفد نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کو برطانیہ میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی ۔ جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے ،اوورسیز پاکستانیوں سمیت ہر طبقے کو آئین وقانون کے مطابق انصاف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام معزز جج صاحبان آئین پاکستان کے تحت میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف پر مبنی فیصلے کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔