سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات یقینی بنانا ذمہ داری ہے،اعتزاز اسلم مارتھ

ساہیوال:(بےورورپورٹ)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو اعتزاز اسلم مارتھ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منٹگمری ہال میںمنعقد ہوا جس میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کیے گئے انتظامی امورکاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر خالد عبداللہ، پولیس، میونسپل اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے معاون محکموں اور اداروں کے افسران نے اپنے دائرہ کار کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظراحسن اور مربوط انتظامات یقینی بنانا سرکاری محکموں کی اہم انتظامی ذمہ داری ہے جس کی تکمیل کے لئے متعلقہ انتظامات کی عملداری کڑی نگرانی کے تحت برقرار رکھی جائے گی۔ انہوں نے ضلع میں ریسکیو1122 اور محکمہ صحت کے باہمی اشتراک و تعاون سے ایمرجنسی پلان کی ترجیحات پر احسن عملدرآمد کی بھی تاکید کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے جملہ معاون محکموں کے افسران آپس میں قریبی رابطہ رکھیں تاکہ کسی بھی مرحلہ پر دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ متعلقہ تحصیلوں میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کی اپ ڈیٹس کیلئے پی ڈی ایم اے سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے دیگر انتظامی امورکی مسلسل مانیٹرنگ کریں تا کہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ طوفانی بارشوں، آندھی اور سیلاب کے نتیجے میں ممکنہ نقصانات سے بچنے کیلئے تمام پیشگی اقدامات بروقت مکمل کریں اورشہروں میں بھی اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔