مسلم لیگ (ن) نے ووٹ چوری کیا، چچا، بھتیجی کے دن گنے جاچکے: احمد خان بھچر

لاہور (خبرنگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ (ن) لیگ عمران خان کے کیسز ختم ہونے سے خوفزدہ ہے،کیا مریم نواز سمجھتی ہیں آپ کو عوام نے چنا ہے؟(ن) لیگ نے عوام کا ووٹ چوری کیا،چچا بھتیجی کو کہنا چاہتا ہوں آپ کے دن گنے جا چکے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہا کہ ہماری وزیراعلیٰ ٹک ٹاکر ہیں،ان کی باتوں کو مسترد کرتے ہیں۔ چچا بھتیجی کو کہنا چاہتا ہوں آپ کے دن گنے جا چکے ہیں۔ آپ نے عوام کا ووٹ چوری کیا اور فارم 47سے آئے ہیں۔ آپ عمران خان کے کیس ختم ہونے کا ڈر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ان کو مسلط کرنے والوں سے بھی یہی کہوں گا کہ اس ملک پر رحم کرو۔ عطا تارڑ نے ہماری پارٹی پر پابندی لگائی، ہم ریفرنس دائر کریں گے یہ الیکشن کمشنر نہیں ہونا چاہیے ،مریم نواز نے کہا 5سال سے پہلے نہیں جائیں گے۔ پچھلے 2سال کی نگراں حکومت بھی آپ کی ہی تھی۔ کیا آپ سمجھتی ہیں آپ کو عوام نے منتخب کیا ہے۔ آپ اداروں پرحملہ کررہی ہیں۔ سپریم کورٹ پرآپ نے فزیکل حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ان باتوں کی مذمت کرتا ہوں،ہمیں عمران خان کی رہائی کا ووٹ ملا ہے۔ کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی وہ بہت پرعزم ہیں۔ ہم 14اگست کو جلسہ کریں گے۔ پہلا جلسہ اسلام آباد اور دوسرا لاہور میں ہوگا۔