محکمہ جیل، افسران و اہلکاروں کے جسمانی معذور بچوں کیلئے سکالرشپ کی منظوری

لاہور (کرائم رپورٹر) محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے افسران و اہلکاران کے جسمانی طور پر معذور بچوں کو سالانہ بنیادوں پر سکالرشپ کی فراہمی کی منظوری، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پریزنز فاونڈیشن کے ذریعے محکمہ جیل خانہ جات کے افسران و اہلکاران کے جسمانی طور پر معذور بچوں کو -/72,000 روپے سالانہ سکالرشپ دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ ہوم سیکرٹری پنجاب نورالامین مینگل نے آئی جیل خانہ جات کی جانب سے ملازمین کے معذور بچوں کیلئے گرانٹ کی سفارش منظور کردی ہے۔ جسمانی طور پر معذور بچے 18 سال کی عمر تک سال میں ایک مرتبہ اس سکالرشپ کے اہل ہونگے،افسران و اہلکاران کے صرف ان معذور بچوں کو سکالرشپ دی جائے گی جو کہ متعلقہ حکومتی ادارے سے جسمانی طور پر معذور قرار دیئے گئے ہوں اور سپیشل ایجوکیشن کے کسی ادارے میں زیر تعلیم ہوں،آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا کہنا کہ تمام افسران و اہلکاران اس سکالرشپ کے اہل امیدواران کے کیس 14 اگست ، 2024 تک پنجاب پریزنز فاونڈیشن ، لاہور بھجوائیں تاکہ باقاعدہ منظوری کے بعد ملازمین کے جسمانی طور پر معذور بچوں کی مالی معاونت کی جا سکے،محکمہ جیل خانہ جات پنجاب ، پنجاب پریزنز فاونڈیشن کے ذریعے ریٹائرڈ و حاضر سروس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کیلئے شب و روز کوشاں ہے۔