عمران،بشریٰ کیخلاف ضمنی ریفرنس تیار،توشہ خانہ کیس میں چوتھی بار تفتیش

اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)عمران،بشریٰ کے گرد گھیر اتنگ،190 ملین پاﺅنڈ سکینڈل میں ضمنی ریفرنس تیار،توشہ خانہ کیس میں چوتھی بار تفتیش کی گئی۔

ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو کو 190ملین پاو¿نڈ ریفرنس میں نئے شواہد مل گئے ،ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا،معاملہ منظوری کیلئے نیب کے آئندہ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پیش کیا جائے گا،نیب ٹیم تفتیش مکمل ہونے پر رپورٹ ہیڈ کوارٹر کو بھیجے گی ، ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی احتساب عدالت سے اجازت لی جائے گی ،بشریٰ کو بھی ملزم نامزد کیا جائیگا،نجی سوسائٹی میں چھاپے کے دوران حاصل شواہد بھی ریفرنس کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب توشہ خانہ ریفرنس تھری میں عمران ،بشریٰ سے چوتھے مرحلے میں تفتیش کی گئی،ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے ملزموں سے توشہ خانہ تحائف پرتقریبا ًایک گھنٹہ تک تفتیش کی، تفتیش میں ملزموں سے تحفہ میں ملے بلگیری جیولری سیٹ پرسوالات کیے گئے۔

ادھر عمران،بشریٰ نے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا،بیرسٹر سلمان صفدر ، خالد یوسف چودھری کے ذریعے دائر درخواست میںاستدعا کی گئی گرفتاری غیر قانونی ہے ، رہا کرنے کے احکامات کیے جائیں اور آئندہ کسی بھی مقدمے میں گرفتاری ہائیکورٹ کے احکامات سے مشروط کی جائے۔

دریں اثنا بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ دینے کا انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا،بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں 12 درخواستیں دائر کر دیں، درخواستوں میں موقف اپنایاگیا لاہور اے ٹی سی نے جسمانی ریمانڈ دیتے وقت ریکارڈ کا درست جائزہ نہیں لیا، جیل میں قید ہوں پولیس پہلے بھی تفتیش کر چکی ،ریمانڈ دیتے وقت قانون کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا،فیصلہ کالعدم قرار دے،عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اے ٹی سی عدالت پیشی کا نوٹیفکیشن بھی چیلنج کر دیا،درخواست میں موقف اپنایاگیاپنجاب حکومت کا جسمانی ریمانڈ کےلئے ویڈیو لنک پر پیشی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے کیونکہ جسمانی ریمانڈ کےلئے فزیکل موجودگی ضروری ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے پیشی کےلئے جاری کیا گیا نوٹیفکیشن بنیادی حقوق کے بھی خلاف ہے۔

مزید برآں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے عمران خان کی 9 مئی 3 مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج ہونے کےخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی،عدالت نے عمران خان کی ضمانتوں پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست 22 جولائی کوسماعت کےلئے مقرر کردی۔

علاوہ ازیں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان 6 ،بشریٰ کی ایک مقدمے میں ضمانت قبل ازگرفتاری درخواستوں پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلیے اورسپرینڈنٹ اڈیالہ جیل کو سابق وزیراعظم کو ویڈیولنک یا فزیکلی پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے بانی پی ٹی آئی کی وکلا سے ملاقاتوں کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی،سپریٹنڈنٹ جیل نے ملاقاتوں کی فہرست جمع کرا ئی،ایڈووکیٹ جنرل نے کہااڈیالہ جیل جانے والے افراد کا مطالبہ تھا سب کی ایک ساتھ ملاقات کرائی جائے، عمران خان کی مقدمات میں نمائندگی کرنے والے وکلا آتے ہی نہیں، سیاسی طور پر متحرک وکلا ملاقات کیلئے آتے ہیں،جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ایڈووکیٹ جنرل سے کہا بانی پی ٹی آئی پر 200سے زائد مقدمات درج ہیں، سب سیاسی نتائج والے ہی کیسز ہیں، آپ ظاہر کر رہے ہیں سب حقیقی کیسز ہیں؟ مرکزی وکلا ملاقات کر کے عدالتوں میں پیش ہونے والے وکلا کو ہدایات دیتے ہوں گے۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کہا بالکل بھی قابل قبول نہیں کوئی دستاویز دیکھنے سے نہیں روک سکتے، آئندہ ایسا کیا گیا تو توہین عدالت کے نوٹس جاری کرونگا، اقدام انصاف کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے بھی جیل حکام کی ایس او پیز پر عملدرآمد کریں

مزید برآں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قید کے دوران ملاقاتوں کی تفصیلات سامنے آگئیں، عمران خان نے ستمبر 2023ءسے جولائی 2024ءتک 1635 افراد سے ملاقاتیں کیں،اڈیالہ جیل سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے کمرہ ملاقات میں 454 ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں میں 88 وکلائ، 223 سیاسی دوست، 119 فیملی اور 14سپیشل ڈاکٹر شامل ہیں،جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ میں قائم عدالت میں بانی پی ٹی آئی سے 1181 ملاقاتیں ہوئیں جن میں وکلاءسے 591، فیملی سے 273 اور 317 میڈیا نمائندوں سے ملاقاتیں ہوئیں:جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی واٹس ایپ کے ذریعے بیٹوں سے 13 کالز کرائی گئیں۔