اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے ایڈہاک ججوں کی تعیناتی کو مسترد کردیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججوں کی تعیناتی بدنیتی پر مبنی ہے۔ ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیج رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد اپنے ہم خیال ججوں کو لگانا ہے، جج اس معاملے کو متنازع نہ بنائیں، چار ججوں کو ایک ساتھ دوران تعطیلات لایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے اراکین اسمبلی کو ایجنسیاں جھوٹے مقدمات میں اٹھا رہی ہیں۔ عمران خان، بشریٰ بی بی اور تمام اسیران کیخلاف کیس بنائے گئے۔ ہم ان تمام بوگس کیسوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ بشریٰ بی بی کا روبکار بھی جاری ہو گیا نیب ٹیم نے ان کو جھوٹے کیسوں میں پھر گرفتار کیا۔ ایڈہاک ججوں کے حوالے سے قاضی فائز عیسیٰ سے گزارش ہے یہ جج ہمارے کیس نہ سنیں، ہماری حب الوطنی پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پچھلے دو سال میں یہ نظام بری طرح مینج ہوا ہے۔ حکمران ٹولہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ عوامی رائے کو کس طرح تبدیل کیا جائے۔ پارٹی پر پابندی لگانے کی بات انتہائی بھونڈی حرکت ہوگی، آئین اور قانون کو جوتے کی نوک پر رکھا جا رہا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں اس وقت انارکی کی صورتحال ہے، پاکستان کو سرزمین بے آئین بنا دیا گیا ہے، بندوق کے زور پر بدمعاشی کی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی نے ایڈہاک ججوں کی تعیناتی مسترد کردی، سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا اعلان

















