محرم میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پولیس ہائی الرٹ ہے:آئی جی پنجاب
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور عشرہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ و نگرانی کیلئے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں، اسی تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 9 ویں محرم الحرام کو محکمہ داخلہ اور پنجاب پولیس کے سنٹرل کنٹرول رومز کا دورہ کیا، آئی جی پنجاب نے کنٹرول رومز سے مرکزی عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا،محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم میں سپیشل سیکرٹری ہوم، فضل الرحمان جبکہ سنٹرل پولیس آفس کنٹرول روم میں اے آئی جی لیگل سلیم چغتائی نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی، آئی جی پنجاب نے پانڈو سٹریٹ سے برآمد مرکزی عزاداری جلوس کی مانیٹرنگ بھی کی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ مختلف اضلاع میں نویں محرم کے تمام مرکزی عزاداری جلوس پرامن طور پر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، آئی جی پنجاب نے سیف سٹی آپریشنز سینٹر کے سنٹرلائزڈ سسٹم کے تحت صوبہ بھر کے عزاداری جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا،ایم ڈی سیف سٹی احسن یونس نے جلوسوں کی مانیٹرنگ کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے سرپرائز فیلڈ وزٹ کرتے ہوئے نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ دریں اثناءڈاکٹرعثمان انور کی زیرنگرانی پنجاب پولیس نے 09 محرم کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ 09 ویں محرم الحرام کو صوبہ بھر میں 1686 عزاداری جلوس برآمداور 3853 مجالس منعقد ہوئیں جن میں اے کیٹیگری کے 194 جلوس اور345 مجالس شامل تھیں، لاہور سمیت صوبہ بھر میں 09 ویں محرم الحرام کے دوران 65 ہزار سے زائد افسران و اہلکار نے فرائض ادا کئے، پولیس ٹیموں نے ہائی الرٹ ہو کرفرائض ادا کرتے ہوئے عزاداروں کو پر امن ماحول فراہم کیا۔ علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شیخوپورہ میں جام شہادت نوش کرنے والے اے ایس آئی محمد نواز کو شاندار خراج عقیدت کیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ اے ایس آئی نواز نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کیا، محکمہ لازوال قربانی کبھی فراموش نہیں کرے گا، شہید اہلکار کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائیگا۔اے ایس آئی محمد نواز کی نمازِ جنازہ پولیس لائن شیخوپورہ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول عبدالکریم اور ڈی آئی جی ڈاکٹر محمد اطہر وحید، آر پی او شیخوپورہ ریجن اطہر اسماعیل، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ نے شرکت کی۔


















