شہباز کی نواز سے تیسری ملاقات، پی ٹی آئی پرپابندی سمیت دیگر حکمت عملی پرمشاورت

اسلا م آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے ن لیگ کے صدر نوازشریف سے 3 روز میں تیسری بار ملاقات کی،ذرائع کے مطابق نوازشریف نے شہباز شریف کو تمام قانونی، آئینی اور سیاسی آپشن استعمال کرنے کا مشورہ دیا،وزیراعظم نے نوازشریف کو آصف زرداری اور دیگر اتحادیوں سے رابطوں اور مشاورت سے آگاہ کیا جبکہ چھانگلہ گلی رہائش گاہ پر ہونے والی مشاورت میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازبھی تھیں،ذرائع نے کہا ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا اور تحریک انصاف پرپابندی اور دیگر اقدامات پرعمل درآمدکی حکمت عملی پرمشاورت کی گئی،مشاورتی عمل میں کیے تمام فیصلوں سے پارٹی کی سینئر رہنماوں کوبھی اعتمادمیں لیاگیا، محرم کے بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کیا جائے گا اور پارلیمنٹ کے اجلاس بھی شیڈول سے قبل بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ ہنر برائے نوجوانان (World Youth Skills Day) کے موقع پر پیغام میں کہا پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہمارے باصلاحیت نوجوان ہیں، پاکستان کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے، ترقی یافتہ قومیں اپنے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں سرمایہ کاری کرتی ہیں،وزیراعظم نے کہا حکومت اپنے نوجوانوں کو جدید تعلیم، یکساں ترقی کے مواقع کے ساتھ ساتھ دنیا سے مقابلہ کرنے کیلئے جدید پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کر رہی ہے، حال ہی میں اپنے دورہ چین کے دوران نہ صرف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 3 لاکھ بلکہ جدید زراعت کیلئے 1 ہزار نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت کیلئے بھیجنے کا اقدام حکومت کے اسی عزم کا اعادہ ہے، اس ضمن میں نہ صرف خواتین بلکہ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے، قومی سطح پر بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی پروگرامز جاری ہیں جہاں سے فارغ التحصیل لاکھوں طلباءپاکستان اور پاکستان سے باہر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں،شہبازشریف نے کہا نیوٹیک (NAVTTC) کے تحت اداروں کی اصلاحات کے عمل کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، نیوٹیک اور اسکے شراکتی اداروں کے ساتھ مل کر حکومت ہزاروں نوجوانوں کو مارکیٹ ایبل ہنر و پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، ہم نوجوانوں کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی اور باوقار روزگار کیلئے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تربیت یقینی بنائیں گے ، حکومت نوجوانوں کے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تعلیم میں سرمایہ کاری کیلئے پر عزم ہے۔