ٹرمپ کے حملہ آورکا ریپبلکن ووٹر ہونے کے باوجود ڈیموکریٹس کو چندہ دینے کاانکشاف
واشنگٹن (مشرق نیوز) قاتلانہ حملے کے چند گھنٹے بعد ایف بی آئی نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ اس نے اس شخص کی شناخت کر لی ہے جس نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پنسلوانیا میں ایک بڑی انتخابی ریلی کے دوران گولی مار دی تھی۔امریکی ٹی وی نے بتایاکہ ایف بی آئی کے دفتر کے مطابق قاتلانہ حملے کا مرتکب تھامس میتھیو کروکس تھا جس کی عمر 20 سال ہے۔ وہ ریپبلکن ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ تھا لیکن اس نے ڈیموکریٹس کو چندہ دیا تھا۔ ٹرمپ کے قتل کی کوشش کے مشتبہ شخص نے اپنی کار میں دھماکہ خیز مواد چھپا رکھا تھا۔ العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ بیس سال کے اس نوجوان کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا۔ شوٹر کا تعلق پنسلوانیا کے قصبے بیتھل پارک سے ہے جو اسی ریاست کے شہر بٹلر سے 65 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ بٹلر میں ہفتے کی شام صدارتی انتخابات کیلئے ریپبلکن امیدوار کیلئے انتخابی ریلی نکالی گئی تھی۔


















