گجرات میں نیا سیوریج سسٹم ،سیف سٹی پراجیکٹس جلد مکمل کئے جائیں گے:چودھری شافع حسین
گجرات (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس گجرات میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کی جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئی سکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات میں 400 ایکڑ رقبے پر نئی انڈسٹریل سٹیٹ بنے گی،شہر میں عالمی معیار کا سیوریج سسٹم لائیں گے اور عالمی بینک کے تعاون سے اس اہم منصوبے کو جلد مکمل کیا جائیگا، گجرات میں سیف سٹی کے منصوبے پر کام شروع ہوچکا، اس منصوبے کو بھی تیزی سے مکمل کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر نے ڈنگہ میں عالمی معیار کا سٹیڈیم بنانے کا اعلان کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گجرات شہر میں شجر کاری مہم کے دوران 10لاکھ پودے لگانے جائیں گے، صوبائی وزیر نے ہدایت کی ایسے پودے لگائے جائیں جو آکسیجن کی فراہمی کا ذریعہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات ڈویژن کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہیں، چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سرامک کالج میں برتنوں کی ٹیسٹنگ کیلئے لیب بنائیں گے اور گجرات میں شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے شاندارچڑیا گھر بھی بنے گا، انہوں نے کہا کہ پارکس کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے جبکہ اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے شہر کے سگنل سسٹم کو بحال کیا جائے گا اور شہر کے روڈ انفراسٹرکچر کو بھی بحال کیا جارہا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کی فلاحی سکیموں پر کسی صورت کام رکنا نہیں چاہئے، فنڈز کی کمی کا مسئلہ آئے تو فوراً آگاہ کیا جائے، ترقیاتی سکیموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اس لئے اراکین اسمبلی ترقیاتی سکیموں کی خود مانیٹرنگ کریں، ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔ ایم این اے نصیراحمد سدھ، اراکین پنجاب اسمبلی چوہدری اعجاز، خالد اصغر گورال، سیدمددعلی شاہ، راجہ محمد اسلم اور عبداللہ یوسف نے اجلاس میں شرکت کی، ڈپٹی کمشنر صفدر ورک، ڈی پی او اور ترقیاتی اداروں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔

















