اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران حملے کی شدید مذمت اور گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پی ایم ہاوس سے جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی عمل میں ہر قسم کا تشدد قابل مذمت ہے، اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں اور نیک خواہشات ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم نے سابق امریکی صدر کی جلد صحت یابی کی دعاکی جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے دیگر افراد کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ سابق امریکی صدر پر حملے کا سن کر گہرا صدمہ پہنچا، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست پنسلوانیا کے علاقے بٹلر میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہوگئے جبکہ مبینہ حملہ آور کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔ ری پبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہیں اپنے نائب صدر کیلئے امیدوار کا اعلان کرنا تھا۔
وزیراعظم، صدر مملکت کی ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی شدید مذمت

















