صوبے بھر میں جلوسوں اور مجالس میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جا رہا ہے: سلمان رفیق

راولپنڈی (مشرق نیوز) صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے راولپنڈی ڈویژن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت بھی کی۔صوبائی وزراءمجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال اکبر خان اور معاون خصوصی ذیشان ملک بھی خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال اور ڈی آئی جی سپیشل برانچ نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ صوبہ بھر میں جلوسوں اور مجالس میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔حساس مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کو ایک ہزار سے زائد کیمروں سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق کوکمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک اور آر پی او بابر سرفراز نے انتظامات پر بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر مزید کہاکہ راولپنڈی ڈویژن میں تمام 3958 مجالس اور 714 جلوسوں کے انتظامات مکمل ہیں۔ 227 ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 84 کی زباں بندی کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں 133 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا۔ 7 محرم سے راولپنڈی ڈویژن میں آرمی اور رینجرز کی 6 کمپنیاں بھی سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گی۔ صوبائی وزیر نے بتایاکہ پر امن محرم الحرام کیلئے محکمہ داخلہ کے جاریکردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب کے تمام ڈویژنز میں عاشورہ کیلئے بھرپور تیاری کی گئی ہے۔ اجلاس میں تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے سیف سٹی سینٹر راولپنڈی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کابینہ کمیٹی ممبران کو سیف سٹی سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا اور بریفننگ دی۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کی سرویلنس کیلئے سیف سٹیز کیمروں سے بھرپور رہنمائی حاصل ہو رہی ہے۔سیف سٹی راولپنڈی کے 1600 کیمرے نصب کئے جا چکے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق رواں سال کے اختتام تک 18 مزید اضلاع میں سیف سٹی سینٹرز قائم ہونگے۔ دورہ کے موقع پرصوبائی وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور معاون خصوصی ذیشان ملک بھی خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ تھے۔سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک اور آر پی او بابر سرفراز بھی اس موقع پر موجود تھے۔