معیشت کیلئے اچھی خبر،آئی ایم ایف کےساتھ7 ارب ڈالر کا سٹاف لیول معاہدہ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)معیشت کیلئے اچھی خبر،آئی ایم ایف کےساتھ7 ارب ڈالر کا سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا،عالمی مالیاتی فنڈ اعلامیے کے مطابق 37 ماہ پر مشتمل پروگرام کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔

نئے سٹاف لیول معاہدے کے تحت پاکستان کو 7 ارب ڈالر 37 ماہ کے عرصے میں ملیں گے،پروگرام میں مالیاتی و مانیٹری پالیسی مضبوط بنانے کے اقدامات، ٹیکس بنیاد کو وسیع کرنا شامل ہیں، پاکستان کو 2023 سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت حاصل معاشی استحکام کی بنیاد پر توسیعی فنڈکی سہولت میسر ہے۔

اعلامیے میں کہا گیاایک سال کے دوران پاکستان میں مہنگائی میں کمی ،زر مبادلہ ذخائر بہتر ہوئے، معاشی استحکام کو فروغ ملا، نیا قرض پروگرام معاشی استحکام کا باعث بنے گا،معاشی استحکام کیلئے پاکستان ٹیکس آمدنی ،جی ڈی پی میں ٹیکسوں کا حصہ 3فیصد تک بڑھائے گا، ریٹیل سیکٹر میں بھی ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے گا۔

آئی ایم ایف نے کہاوفاق ،صوبوں کو مشترکہ معاشی کوششوں کی ضرورت ہے، معاشی اخراجات کیلئے 18 ویں ترمیم کے تحت اخراجات میں منصفانہ تقسیم کو ازسر نو دیکھنا ہوگا، صوبوں میں تعلیم، صحت عامہ ،پبلک انفراسٹرکچر پر اخراجات بڑھانا ہوں گے، آمدن بڑھانے کیلئے صوبوں کو سیلز ،زرعی ٹیکس بڑھانا ہوگا،یکم جنوری 2025 تک وفاق ،صوبوں کو انفرادی اور کارپوریٹ انکم ٹیکس پرضروری قانون سازی بھی کرنا ہوگی،مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کو باہمی دوستوں کی مدد بہت اہم ہوگی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا آئی ایم ایف پروگرام سے میکرو اکنامک استحکام لانے میں مدد ملے گی،آئی ایم ایف پروگرام کے تحت سٹرکچرل ریفارمز یقینی بنانے،پبلک فنانس، توانائی اور حکومتی اداروں کے ایریاز میں استحکام ضروری ہے،آئندہ سالوں میں سٹرکچرل ریفارمز لائیں گے۔