فیصلہ آئین دوبارہ لکھنے کے مترادف، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،حکمران اتحاد

اسلام آباد،کراچی: (بیورورپورٹ)حکمران اتحاد نے کہاہے عدالتی فیصلہ سوال گندم جواب چنا،بن مانگے انصاف دیا گیا،209اراکین کی واضح اکثریت حاصل ہے،حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاسپریم کو رٹ کے فیصلے سے حکومت کو کوئی چیلنج درپیش نہیں ،209اراکین کی واضح اکثریت موجود ہے، عدالت نے آرٹیکل 51اور 106 کی تشریح کی بجائے دوبارہ تحریر کیا،فیصلے کی بدولت بہت سے قانونی و آئینی ابہام پیدا ہوئے،پی ٹی آئی کو نہ مانگنے والا ریلیف ملا،وفاقی کابینہ کے فیصلے اور متاثرہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد نظر ثانی اپیل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہاسپریم کورٹ کے فیصلے سے کئی قانونی و آئینی مو شگافیوں و سوالات نے جنم لیا،آرٹیکل 51کے تحت 3روز کی شرط کاکیا ہوگا؟پی ٹی آئی کے آزاد اراکین کا موقف تھا مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ملنی چاہئیں،فیصلے کے مندرجات کا جائزہ لے رہے ہیں،مخصوص نشستوں پرقانون موجود ہے،نشستیں سنی اتحاد کونسل کو جاسکتی تھیں،کیس میں پی ٹی آئی تو فریق ہی نہیں ،پی ٹی آئی کے آزاد اراکین نے جیتنے کے بعد کسی فورم سے رجوع نہیں کیا،سنی اتحاد کونسل غیر مسلم کو اپنا رکن تسلیم نہیں کرتی لہٰذا کے منشور کے مطابق اقلیتی نشستیں نہیں ملنی چاہئیں،تفصیلی فیصلہ آنے تک مزید رائے دینا ممکن نہیں،وزیر قانون نے کہا بہترین عدالتی فیصلے وہی ہوتے ہیں جن پر لب کشائی نہ ہو،آئینی معاملے کو سیاست سے گڈ مڈ نہیں کروں گا،،سیاسی جماعتیں اپنی اپنی مجلس عاملہ میں بیٹھ کر بھی معاملے کو دیکھیں گی۔

مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہاتفصیلی فیصلہ آنے پر قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد نظرثانی کا فیصلہ کرینگے،پی ٹی آئی کو نہ مانگنے والا ریلیف دیا گیا، عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا احترام ہے،ججز بہترین و لائق احترام ہیں، عدلیہ کے فیصلے نہ صرف انصاف پر مبنی بلکہ انصاف ہوتانظر آنا بھی چاہئے، مبہم فیصلے کبھی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہوتے۔

رانا ثنا نے کہاسپریم کورٹ میں مقدمہ تھا کچھ لوگوں نے آزاد امیدوار کے طور پر عام انتخابات میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کرنے کے بعد آئین و قانون کے مطابق 3دن کے اندر باقاعدہ بیان حلفی دے کر سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئے،سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں میں حصہ مانگا ،الیکشن کمیشن نے مو قف اختیار کیا سنی اتحاد کونسل نے بطور جماعت الیکشن میں حصہ نہیں لیا اس لئے نشستیں نہیں دی جا سکتیں، فیصلے کےخلاف سنی اتحاد کونسل پشاور ہائی کورٹ گئی ،فیصلے کو برقرار رکھا گیا پھر سنی اتحاد کونسل سپریم کورٹ میں گئی تاہم سپریم کورٹ کا فیصلہ سنی اتحاد کونسل کے حق میں نہیں آیا، سنی اتحاد کونسل کی استدعا تسلیم نہیں کی گئی بلکہ اب فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں آیا، پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں کا دعویٰ کیا ہی نہیں۔

مشیر وزیراعظم نے کہافیصلہ آئین دوبارہ لکھنے کے مترادف ہے اگر کوئی ممبر بیان حلفی دے کر ایک جماعت میں شامل ہوا ہے تو پھر کسی دوسری جماعت میں شامل ہو گا تو نئی مقدمہ بازی شروع ہو گی،تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد قانونی ٹیم کی رائے پرآگے بڑھا جائے گا،متاثرہ اراکین عدالت جاسکتے ہیں،حکومت کے پاس بھی نظرثانی کا آپشن موجود ہے، حکومت کے پاس اکثریت موجود ہے، پنجاب، سندھ ،بلوچستان سمیت کہیں بھی فیصلے کے حکومت پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوں گے،سیاسی ڈائیلاگ پر پہلے بھی تیار تھے اور اب بھی تیار ہیں ،پیپلز پارٹی حکومت کےساتھ ہے۔

رانا ثنا نے کہاموجودہ حکومت کا بنیادی ایجنڈا ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہے،امید ہے آنے والا بجٹ مشکلات اور پریشانیوں کو دور کرنے والاہو گا،وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا اعلیٰ ترین عدلیہ نے آئین کی بجائے سیاسی فیصلہ دیا،آئین و انصاف کے تقاضوں کی جگہ سیاسی تقاضوں کو اہمیت دی، آئین و قانون کی تشریح کی بجائے آئین سازی کا فرض سنبھال لیا،انصاف دینے کےلئے عدل کی جنگ لڑیں تو آپ کے معترف ہوں گے، آپ کو سلام پیش کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا سپریم کورٹ میں تحریک انصاف نے اپنے اراکین قومی اسمبلی کو پی ٹی آئی کا ایم این اے ڈکلیئرکئے جانے کی درخواست دی نہ پارلیمان میں وجود ہونے والی جماعت میں شمولیت اختیار کی گئی،انٹرا پارٹی الیکشن ٹھیک نہیں کرائے، پارٹی ٹکٹ و ڈکلیئربھی جمع نہیں کرائے اور الزامات الیکشن کمیشن پر عائد کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کے نزدیک صرف وہ معصوم ہیں اور باقی سب قصور وار۔

رہنما ن لیگ طلال چودھری نے کہاایسے فیصلے سیاسی استحکام کو نقصان دیتے ہیں،حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑےگا، الیکشن کمیشن کو ڈکٹیٹ کرنے کی بجائے کام کرنے دینا چاہیے، ہر مرتبہ الیکشن کمیشن ہی کیوں غلط ہوتا ہے ، الیکشن کمیشن آزاد ادارہ ہے،تمام اداروں کو الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو سپورٹ کرنا چاہیے،آصف زرداری ذمہ دار آدمی و اتحادی ہیں ،پیپلز پارٹی حکومت کےساتھ کھڑی رہے گی۔

ایم کیو ایم کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے سے آئین، قانون اور جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ،فیصلہ ملک کی جمہوریت، آئین وقانون کی بالا دستی کے مطابق نہیں ہوا،سنی اتحاد کونسل کے سربراہ اپنی پارٹی سے الیکشن ہی نہیں لڑے،سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کو فہرست ہی جمع نہیں کرائی،پی ٹی آئی کو نہ مانگنے والا ریلیف دیا گیا،آئین وقانون فیصلے میں نظر نہیں آتا۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا 2018میں ڈرامہ شروع ہوا، چیف جسٹس ثاقب نثار ڈیم بنارہے تھے،حنیف عباسی کو منشیات کے کیس میں بندکر رہے تھے ان کے بعد والے چیف جسٹس گڈٹوسی یو کے کلمات ادا کرتے رہے ہم جیسے لوگ بے قصور ہی جائیں تو آپ سرزنش کرتے ہیں،عام آدمی کا عدالتوں میں کوئی پرسان حال نہیں، آئین وقانون کی تھوڑی سی بالادستی رہ گئی تھی، بتایا گیا اگر آپ کو گالیاں دینا آتی ہیں تو پھر پاکستان ،عدلیہ اور ادارے آپ کے ہیں، آپ کو حق نہیں پاکستان میں کسی غلط کو غلط کہنا،کب اتنے اچھے پاکستانی بنیں گے اور ایسا ریلیف کب دیا جائے گا، جوڈیشری کی تاریخ میںدن سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، فیصلے کےخلاف ریویو میں جانا چاہیے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہاسپریم کورٹ کے فیصلے میں گڈ ٹو سی یو کی جھلک نظر آئی،ملک میں گڈ ٹو سی یو اور لاڈلا ازم کی سیاست چل رہی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے کنفیوژن پیدا ہوئی، قانون کی پاسداری ہونی چاہیے لاڈلوں کی نہیں،فیصلے کو پیپلز پارٹی کے قانونی ماہرین دیکھیں گے،ملک میں قانون کی کتابوں کو سائیڈ کردیں اور سب کے حق میں فیصلے کردیں۔