اسلام آباد(بیورورپورٹ)توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے،الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر لا الیکشن کمیشن صائمہ جنجوعہ نے کہا ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کیلئے کیس میں کوئی حکم امتناع نہیں، جنوری میں آخری بار ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی تھی، ہائیکورٹ نے حتمی آرڈر پاس کرنے سے روکا تھا لیکن کارروائی کی جاسکتی ہے،ممبر الیکشن کمیشن نے پوچھا فواد چودھری ،وکیل کہاں ہیں،کیا وارنٹ نکالیں؟ ۔
معاون وکیل نے کہا فواد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، وکیل فیصل چودھری بھی کورٹ میں ہیں،ممبر الیکشن کمیشن نے کہا فواد چودھری تو جیل میں نہیں ،وارنٹ نکالتے ہیں، وکیل کا حاضری سے استثنیٰ تو چل جائے گا لیکن فواد چودھری کہاں ہیں ،معاملے پر فیصلہ کرتے ہیں،بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا فون ٹیپنگ تب بھی غلط تھی جب مریم نواز کی ہو رہی تھی اور اب بھی غلط ہے،جیل ٹرائل الیکشن کمیشن توہین میں نہیں کر سکتا،تاثر دیا گیا عرب دنیا بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہے اور وہ پاکستان میں ڈالر کے ڈھیر لگا دے گی،پی ٹی آئی لیڈر شپ اور حکمت عملی کی کمزوریاں سامنے ہیں۔
توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری


















