190ملین پاﺅنڈ ریفرنس میں پرویز خٹک نے عمران خان کیخلاف گواہی دےدی

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)190ملین پاﺅنڈ ریفرنس میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا بیان قلمبند ،عمران خان کیخلاف گواہی دےدی،بنی گالہ اسلام آباد کے پٹواری عباس گوارئیہ پر جرح بھی مکمل کرلی گئی۔

احتساب عدالت کے جج علی وڑائچ نے کیس پر سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی،عمران،بشریٰ کوکمرہ عدالت پیش کیا گیا ،سابق وزیر زبیدہ جلال اور سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان پیش نہ ہوئے۔

سابق وزیر دفاع نے کہا نیب نے مئی 2023 میں مجھ سے 190 ملین پاﺅنڈز پر بیان لیا، سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نے کابینہ کو بتایا تھا پاکستانی سے غیر قانونی طور پر باہر بجھوائی گئی بڑی رقم برطانیہ میں پکڑی گئی، شہزاد اکبر نے کہا پکڑی گئی رقم پاکستان کو واپس کی جائے گی۔

پرویز خٹک نے کہا معاملہ کابینہ کے ایجنڈے پر نہیں تھا ،اضافی ایجنڈے کے طور پر سامنے لایا گیا،مجھ سمیت دیگر کابینہ اراکین نے اعتراض کیا، کابینہ میں رقم کاغذات بند لفافے میں پیش کیے گئے ،ایڈیشنل ایجنڈے کی منظوری کابینہ سے لی گئی،ریفرنس کے تفتیشی نے مجھے بتایا ایجنڈے کےساتھ تحریر بھی تھی، تحریر تھی رقم بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض نے برطانیہ منتقل کی تھی،پرویز خٹک کے بیان کے دوران عمران خان مسکراتے رہے اور کہااب تو نواز شریف کے فلیٹ بھی پاکستان واپس آنے چاہئیں۔