ساہیوال (چوہدری اشرف سے) محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کا مشن، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے لاءاینڈ آرڈر کا دورہ ساہیوال۔ کمشنر آفس میں پاکپتن میں حضرت فرید الدین مسعود گنج شکر کے 782ویں عرس کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈویژن میں محرم الحرام کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔کابینہ کمیٹی نے ساہیوال کے مرکزی جلوس کے روٹس کا معائنہ کیا اور امن کمیٹی ممبران اور انتظامیہ سے ملاقات کی۔ کمشنر ساہیوال نے کمیٹی کو مرکزی جلوس بارے بریفنگ دی جو امام بارگاہ قصر بتول سے شروع ہوکر خیمہ کربلا پر اختتام پذیر ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس اور جلوس کے روٹ پر مانیٹرنگ کیلئے دو کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے ساہیوال کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید اور آر پی او محبوب رشید نے انتظامات بارے بریفننگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں تمام 1749 مجالس اور 461 جلوسوں کی حفاظت کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ ڈویژن میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے 77 ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 64 کی زباں بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ ساہیوال ڈویژن میں 74 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 7 سے 10 محرم کے دوران آرمی اور رینجرز کی 8 کمپنیاں بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر صوبہ بھر میں جاکر انتظامات کا جائزہ لے رہی ہے اور پنجاب بھر میں سکیورٹی و دیگر انتظامات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے، خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ داخلہ کے جاریکردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ پرامن فضا کو برقرار رکھا جا سکے۔ اس موقع پر ممبرانِ اسمبلی، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے ڈویژنل و ڈسٹرکٹ افسران بھی موجودتھے۔
محرم میں محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرایا جا رہا ہے: سلمان رفیق



















