فواد چودھری کو2ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت

اسلام آباد،لاہور :(بیورورپورٹ،خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے فواد چودھری کو 2 ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی درخواست پر سماعت کی، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرانے کیلئے عدالت سے وقت طلب کر لیا،بعدازاں عدالت نے فواد چودھری کا 2ہفتوں کےلئے عارضی طور پر نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا اور کہا سابق وفاقی وزیر 10 سے 24 اگست تک بیرون ملک جا سکتے ہیں۔

دوسری جانب لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا پاکستان میں عمران خان کے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا، تمام کیسز میں گفتگو یہی رہی کہ پولیس کے پاس کوئی ثبوت نہیں، ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوگیا ضمانتیں چل رہی ہیں، پاکستان میں لاقانونیت کی کیفیت ہے، آئین کی قدر نہیں کی جا رہی، ججز کےخلاف مہم چلائی جاتی ہیں،پاکستان کا سیاسی نظام فارم 47 پر کھڑا ہے، فارم 47 کی حکومت خود کو بچانے کیلئے ہر وہ کام کر رہی ہے جس سے آئین متاثر ہو رہا ہے، ریاستی ڈھانچہ اداروں پر کھڑا ہوتا ہے، ایک ایک کر کے تمام اداروں کو ملیا میٹ کیا جا رہا ہے۔