بلوچستان کے کسانوں کیلئے تاریخی پیکیج، آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ جانا ڈوب مرنے کا مقام ہو گا: شہباز شریف

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان کے کسانوں کیلئے تاریخی پیکیج کا اجرا کر دیا،وزیراعظم نے کہا آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری تھی، تلخ فیصلے نہ کیے تو دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا، کوئٹہ میں کسان پیکیج کے دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا وفاق بلوچستان سے مل کر صوبے کے 28 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرے گا، بلوچستان میں بجلی پر چلنے والے 28 ہزارٹیب ویلوں کو شمسی توانائی پرمنتقل کیا جارہا ہے، منصوبے پر 55 ارب روپے کی لاگت آئے گی جس میں 70 فیصد وفاق اور 30 بلوچستان حکومت ادا کرے گی،ٹیوب ویلز کے شمسی توانائی پر منتقل ہونے سے کسان خوشحال ہو گا، وفاق نے10 سال میں ٹیوب ویلز کےلئے بجلی کے بلز کی مد میں 500 ارب روپے دئیے ہیں، ہر سال 70 سے 80 ارب روپے بجلی کے بلز کی مد میں ادا کیے جا رہے ہیں، بجلی کے بل ادا نہیں ہوتے جس کا بوجھ وفاق اٹھا رہا ہے، بلوچستان ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہے جس کی کئی وجوہات ہیں، اگر 500 ارب سبسڈی کا پیسہ بلوچستان کی ترقی خوشحالی پر لگا ہوتا تو یہاں ترقی ہوتی، کسانوں کو سولر پینل مہیاکیے جائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے یہ یقین دہانی کرائی ہے3 ماہ میں 28 ہزار کنکشن لگ جائیں گے، منصوبہ3 ماہ میں مکمل ہو گا یہی اصلاحات کا ایجنڈا ہے، پورے پاکستان میں 10 لاکھ ٹیوب ویلز شمسی توانائی پرمنتقل کریں گے، تیل پر چلنے والے 10 لاکھ ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کریں گے، ہم قرضوں میں جکڑے ہوئے ہیں، سولر منصوبے کےلئے ہم صوبوں کےساتھ مل کر کام کریں گے اور کسانوں کو بینکوں سے قرضے بھی دلوائیں گے،وزیراعظم نے کہا وفاق نے بلوچستان میں دانش سکولوں کےلئے بجٹ میں فنڈز رکھے ہیں، چاروں صوبوں کے ایک ہزار گریجوئٹس کو زرعی تربیت کےلئے چین بھیجیں گے، بلوچستان کا کوٹہ دیگر صوبوں سے 10 فیصد زیادہ رکھا ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری تھی، قرضوں نے ہماری نسلوں کو بھی گروی رکھ دیا ہے، قرضوں سے جان چھڑانے کےلئے وفاق، صوبے اور متعلقہ ادارے کام کریں گے تو آنے والی نسلیں دعائیں دیں گی، اگر 3سال بعد دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا تو ہمارے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے،ہم سب مل کر چیزوں کو بہتر کریں گے، ہم نے اسی ماہ آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرنا ہے، تلخ فیصلہ نہ کیے تو دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا، شہباز شریف نے کہا باقی صوبوں کو اللہ نے بہت وسائل دیے ہیں، بلوچستان میں فاصلے بہت ہیں اس کےلئے وسائل چاہئیں، جو بلوچستان اور پاکستان کی خیرخواہی چاہتا ہے تو ہم اس کو گلے لگائیں گے، ہم نے عام آدمی کو ریلیف دینا ہے، وفاق، بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کےلئے آپ کےساتھ ہے، اگر بلوچستان اور کے پی میں سرمایہ کاری لانی ہے تو سکیورٹی ہماری سب سے پہلی ضرورت ہے، ہم دہشت گردی کے ناسور کو مل کر ختم کریں گے،وزیراعظم نے کہا گوادر کے حوالے سے میں شکایت نہیں کر رہا،گوادر میں سیف سٹی بند کر دیا گیا، گوادر ریکوڈک کی کانوں سے زیادہ فائدہ مند ہو گا، ہم گوادر کو شاندار پورٹ بنانے کےلئے تیار ہیں جبکہ دورہ کوئٹہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں،ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل نے صوبے کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا،گورنر بلوچستان نے وزیراعظم کو صوبے کے انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال بارے بریفنگ دی،علاوہ ازیں وزیراعظم سے وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر سرفراز بگٹی نے شہباز شریف کو صوبے کے انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا،ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔