پہلے بھی آئی ایم ایف کا کشکول ہم نے توڑا، اب بھی توڑیں گے: رانا تنویر حسین

مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پہلے بھی آئی ایم ایف کا کشکول ہم نے توڑا اب بھی توڑیں گے، پاکستان جلد اپنی منزل حاصل کریگا ،ہم پر جتنی مرضی تنقید کی جائے لیکن اخلاقیات کے دائرے میں رہا جائے اور قومی اداروں کا احترام کیا جائے ،بے جا اور جھوٹے الزامات پر مبنی تنقید کی کسی معاشرے میں اجازت نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی پریس کلب مریدکے کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے نومنتخب عہدیداران صدر رانا جعفر ،سیکرٹری جنرل بابر شکیل ہاشمی اور دیگر سے حلف لیا اور انہیں مبارک باد دی ۔ رانا تنویر حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے ،حکومت آزادی صحافت کی علمبردار اور یقین رکھتی ہے ،جتنی تنقید ہماری حکومت پر ہوتی ہے کسی پر آج تک نہیں ہوئی اس کے باوجود ہم اس تنقید کو اصلاح سمجھتے ہیں ،حکومت کہتی ہے ہم پر جتنی مرضی تنقید کی جائے مگر اخلاقیات کے دائرہ میں رہا جائے اور قومی اداروں کا احترام کیا جائے ،بے جا اور جھوٹے الزامات پر مبنی تنقید کی کسی معاشرے میں اجازت نہیں مگر افسوس چند لوگ صحافت کی آڑ میں ملک اور ملکی اداروں کا احترام نہیں کرتے جس کا نقصان یہ ہوتا ہے ملک دشمن اس تنقید کو پروپیگنڈا کی شکل دیکر پاکستان اور اداروں کو بدنام کرنا شروع ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) کا جتنا میڈیا ٹرائل ہوا شاید ہی کسی اور کا ہوا ہو مگر صبر کا دامن نہ چھوڑا اور ہمیشہ آزادی صحافت کا نعرہ لگایا ،میڈیا جانتا ہے میاں نواز شریف کی حکومتوں کو سازش کے تحت ملک و قوم کو نقصان پہنچانے کے لئے ہٹایا جاتا رہا ۔ میڈیا جانتا ہے کہ یہی میاں نواز شریف ہیں جنہوں نے امریکی دباﺅ مسترد کرکے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ،سی پیک سے لیکر موٹرویز ،بجلی کے کارخانوں سے لیکر صنعتوں کی خوشحالی تک پاکستان میں خوشحالی کا دور جب بھی آیا میاں نواز شریف کی قیادت میں آیا مگر سازشیں کم نہ ہوئیں اور عمران خان کو لابٹھایا گیا ،ہم نے موقع دیا کہ عمران خان ملک کو خوشحالی دیں مگر اس نے ایسی سیاست کی جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ،گالم گلوچ کی سیاست نوجوان نسل میں منتقل کردی ،اداروں کیخلاف کونسا کام تھا جو رہ گیا ،معیشت کی تباہی اور دوست ممالک کو ناراض کردیا گیا سرکاری اداروں میں جعلی بھرتیوں اور لوٹ مار نفرت کا ایسا ریکارڈ قائم کیا جسکی سزا پوری قوم اب تک مہنگائی بے روزگاری کی شکل میں بھگت رہی ہے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ 2013سے 2018تک ہم نے جو ترقی خوشحالی کا کام کیا اگر وہ تسلسل جاری رہتا تو آج پاکستان ایشیا کا ٹائیگر بن چکا ہوتا ۔قوم جان چکی ہے کہ ترقی خوشحالی اور میاں نوازشریف ایک ساتھ ہیں ،نفرت بدحالی اور عمران خان ایک ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے کو تھا مگر سولہ ماہ کی حکومت میں میاں شہباز شریف نے محنت کرکے نہ صرف ڈیفالٹ ہونے سے بچایا بلکہ پاکستان کو بھنور سے نکال لیا ۔آج بھی پی ٹی حکومت کی غلطیوں کو درست کرنے میں ہم مصروف ہیں ،یہ مہنگائی ،پیٹرول ،بجلی مہنگے سب پی ٹی آئی کے کئے دھرے کاموں کا نتیجہ ہے ،حکومت کو چند ماہ اور لگیں گے،خوشحالی کا دور لے آئیگی ،سو دنوں میں ہم مہنگائی کے جن کو اس کی اوقات میں لے آئے ہمیں بھی معلوم ہے بجلی گیس مہنگی کرنے سے کیا عوامی پریشانی ہورہی ہے مگر یہ چند ماہ ہیں ٹھیک ہوجائیگا، ترقی خوشحالی کا دوبارہ دور شروع ہوچکا ہے، میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں یہ اب اپنی منزل حاصل کریگا ،پہلے بھی آئی ایم ایف کا کشکول ہم نے توڑا اب بھی توڑیں گے۔