اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا ہے اگر ہم نے اپنی ٹیکس آمدنی میں اضافہ نہ کیا تو آئی ایم ایف کےساتھ یہ ہمارا آخری پروگرام نہیں ہوگا،برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے اورنگزیب نے کہا رواں ماہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے تک پہنچنے کیلئے پر امید ہیں، ہمارے پاس اپنے پروگرام کیلئے 5 سال کا وقت نہیں، ہمیں اگلے 2 سے 3 مہینوں میں کام دکھانا شروع کرنا ہے،ملک کا انحصار درآمدات پر ہے جس کی وجہ سے قرضوں کی ادائیگی کیلئے مزید قرض لینا پڑتا ہے، لوگ رشوت، کرپشن اور ہراسانی کے ڈر سے ایف بی آر سے ڈیل نہیں کرنا چاہتے، وزیر خزانہ نے کہا ہمیں قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جب تک یہ معیشت درآمد پر مبنی رہے گی ہمیں قرض دینے والوں کے پاس واپس جانا پڑے گا۔
ٹیکس آمدنی نہ بڑھی تو آئی ایم ایف کیساتھ آخری پروگرام نہیں ہوگا: وزیر خزانہ



















