لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی واحد قیادت چیئرمین بلاول بھٹو کی شکل میں موجود ہے،آنیوالے عام انتخابات میں ثابت کرینگے کہ پیپلز پارٹی ہی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہو گی۔او این اے 127 کچا جیل روڈ پر پیپلز یوتھ کے رہنما حسین انور بھٹی اور طارق کمبوہ کی طرف سے منعقدہ عوامی کنونشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔تقریب سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل وسطی پنجاب عثمان ملک،رانا اشعر نثار،نعیم ظفر، رانا وقاص تنویر،شیخ عبدالرزاق نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر فنانس سیکرٹری رانا جواد،سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس احسن رضوی،ذیشان شامی،عدیل خان، شیخ جبار سمیت پیپلز پارٹی اور پیپلز یوتھ کے سینکڑوں کارکن موجود تھے۔حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ہم اپنی کوتاہیوں اور مس مینجمنٹ کی وجہ سے این اے 127 کے عوام تک نہیں پہنچ سکے۔ پیپلز پارٹی اس حلقے کو اپنا گڑھ سمجھتی ہے،انہوں نے اہل علاقہ کو یقین دلایا کہ علاقے کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے ہر کوشش کرینگے۔عثمان ملک نے کہا کہ 2024ءکے انتخابات میں ہم وہ نتائج حاصل نہیں کر سکے جن کی توقع تھی،تنظیمی غلطیوں کے باعث ہم اس حلقے سے وہ ووٹ حاصل نہیں کر سکے جو کرنا چاہیے تھا جبکہ ذیلی حلقوں سے لڑنے والے اپنے چیئرمین کا الیکشن صحیح معنوں میں نہیں لڑ سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ ہار جیت الیکشن کا حصہ ہے مگر اس طرح کوئی جماعت ختم نہیں ہو جاتی۔این اے 127میں پیپلز پارٹی ہاری ہے مگر کارکنوں نے حوصلہ نہیں ہارا۔ملک میں تبدیلی لانے کیلئے نوجوانوں کو آگے لانا پڑیگا۔ حسنین انور بھٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں حسن مرتضیٰ کی سرپرستی میں شمولیت پر فخر ہے۔نوجوان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔بھٹو تھا بھٹو ہے اور بھٹو رہیگا۔قبل ازیں ناجی بٹ پیپلز یوتھ کے درجنوں کارکنوں کیساتھ کنونشن میں شریک ہوئے،کنونشن میں مقامی گلو کاروں نے بھی پرفارمنس دی۔
آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی ہی ملک کی سب بڑی جماعت ہوگی: حسن مرتضیٰ



















